اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کی نگرانی میں گیارہ گھنٹوں کی مسلسل جدو جہد کے بعد شہریوں کو پانی کی سپلائی شروع

آج سے عید کے تینوں دن تک روزانہ کی بنیاد پر دس سے بارہ محلوں کو پانی دیا جائیگا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 جون 2019 15:18

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کی نگرانی میں گیارہ گھنٹوں کی مسلسل جدو جہد کے بعد شہریوں کو پانی کی سپلائی شروع
سوہاوہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،3 جُون2019ء، نمائندہ خصوصی، احسن وحید) تفصیلات کے مطابق بطور ایڈمنسٹریٹر چارج سنبھالنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے گزشتہ روز پانی کی عدم فراہمی پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صبح دو بجے تک اپنی نگرانی میں بکڑالہ واٹر سپلائی کی لائنوں کی مرمت کا کام کروایا جبکہ محلہ باغ سے ڈھوک شہزاد تک پانی کی فراہمی کے لیے دونگی واٹر سپلائی کا پانی دینے کی ہدایت کرتے ہوئے آج محلہ حیدری سے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی چارج سنبھالے ایک ماہ پورا نہیں ہوا ۔ خرابیوں کوسمجھنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ کام نہ کرنے والوں کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں ہو گی۔ شہریوں کو پانی کی فراہمی اور شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج سے عید کے تین دنوں تک روزانہ کی بنیاد پر تین سے چار والز کھولے جائیں گے جبکہ دس سے بارہ محلوں کو روزانہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ واٹر سپلائی کی بہتری کے لیے اپنی تجاویز بھی دیں اور اس میں خرابیوں کی نشاندہی بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ایڈمنسٹریٹر عوام کو دستیاب وسائل میں ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ان کامزید کہنا تھا کہ انشاءاللہ عید سے قبل ہی بکڑالہ واٹر سپلائی کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کرونگا ۔انہوں نے اہلیان سوہاوہ کویقین دلایا ہے کہ انشاءاللہ بہت جلد سوہاوہ شہر میں پانی کے مسئلے کومستقل طور پر حل کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں