سوہاوہ کے نواحی علاقہ میں باراتیوں سے بھری بس ڈرائیور کی غفلت سے کھائی میں جا گری

بس حادثے کے نتیجے میں میں چالیس سے زائد مسافر زخمی ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 جون 2019 17:14

سوہاوہ کے نواحی علاقہ میں باراتیوں سے بھری بس ڈرائیور کی غفلت سے کھائی میں جا گری
سوہاوہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،11جُون 2019ء، نمائندہ خصوصی، احسن وحید) سوہاوہ کے نواحی علاقہ ڈومیلی روڈ پر باراتیوں سے بھری مسافر بس ڈرائیور کی غفلت سے بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں چالیس سے زائد باراتی زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو آر ایچ سی ڈومیلی اور شدید زخمیوں کو دینہ منتقل کیا جن میں سے بارہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم پہنچایا گیا ۔

زخمیوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔ مسافر کوچ ڈومیلی سے بارات واپس لے کر دینہ جا رہی تھی جس میں چالیس کے قریب باراتی سوار تھے جب یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ و دینہ بھی پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

ان حکومتی عہدے داروں نے اپنی نگرانی میں امدادی کاروائیوں کو مانیٹر کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

معمولی زخمی مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ جبکہ شدید زخمی افراد کا علاج جاری ہے۔ یاد رہے کہ تحصیل سوہاوہ میں ریسکیو کی سروس نہ ہونے کی وجہ سے حادثات میں ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث کئی بار قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ سوہاوہ میں دو سال سے زیر تعمیر ریسکیو بلڈنگ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ حادثات میں بروقت ریسکیو کو یقینی بنا کر خطرے میں پڑی انسانی جانوں کو تحفظ دیا جا سکے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں