تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ تبدیلی سرکار کی پالیسیوں کے آگے بے بس ہو گیا

ڈاکٹروں سے محروم ہسپتال میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا، مریضوں کو دُوسرے ہسپتالوں میں ریفر کر دیا جاتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 جون 2019 16:39

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ تبدیلی سرکار کی پالیسیوں کے آگے بے بس ہو گیا
سوہاوہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12جُون 2019ء، نمائندہ خصوصی، احسن وحید) ضلعی حکومت اور تبدیلی گورنمنٹ کی پالیسیوں کے آگے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ بے بس ہو گیا۔ ڈاکٹروں سے محروم اس ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق دور حکومت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں جہاں روزانہ درجنوں آپریشن سے مریضوں کو بروقت علاج میسر تھا ،وہیں ہسپتال میں صبح سے شام تک ڈبل شفٹ میں او پی ڈی میں مریضوں کو چیک کیا جاتا تھا جبکہ ہسپتال انتظامیہ اور حکومت پنجاب کی سخت ہدایات اور نگرانی کی وجہ سے مریضوں کو سو فیصد مفت ادویات فراہم کی جا رہی تھیں۔

اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو نو ماہ گزرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں سرجن ڈاکٹر کی ریٹائرمنٹ اور ڈاکٹروں کے تبادلوں کے بعد تحصیل کا واحد ہسپتال صرف ایک ایم او میڈیکل آفیسر چلا رہا ہے جبکہ ہسپتال میں ٹرانسفر اور ریٹائر ہونے والے سرجن کی جگہ تاحال تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک طرف ڈپٹی کمشنر جہلم ضلع میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آئے روز ہنگامی دورے کر رہے ہیں تو دوسری طرف تحصیل کا واحد ہسپتال ڈاکٹروں سے محروم ہے۔ ہسپتال میں چائلڈ اسپیشلسٹ سمیت تمام سیٹیں خالی ہیں جبکہ ایمرجنسی بھی ڈبلیو ایم او چلا رہی ہیں۔جی ٹی روڈ پرہسپتال ہونےکی وجہ سے روزانہ حادثات میں مریضوں کو ہسپتال لایا جاتا ہے لیکن تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالسوہاوہ اب ریفر ہسپتال بن چکا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر جہلم اور سی او۔ہیلتھ کی طرف سے کھلیکچہریوں اور ہسپتال کے دورہ کے موقع پر یقین دہانیاں کروائی گئیں کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کو جلد یقینی بنایا جائیگا لیکن حکومت پنجاب کو ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لیے لکھنے اور فائلز بھیجنے کے باوجود پنجاب حکومت کی عدم دلچسپی سے تین سے چار ماہ گزر جانے کے باوجود ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی جبکہ سرجن ڈاکٹر شبیر اختر کے کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد ہسپتال میں چھ ماہ سے کوئی بھی آپریشن نہ ہونے سے مریض پرائیویٹ ہسپتالوں میں آپریشن کروانے پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ مقامی منتخب نمائندوں کو متعدد بار اس طرف نشاندہی کی گئی مگر ان کی طرف سے بھی اس پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

گزشتہ روز تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال سوہاوہ میں مریضوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدہ سے اپیل کی ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ میں ڈاکٹروں کی جلد از جلد تعیناتی کویقینی بنائیں۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں