قوم کے وسائل لوٹنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائیگا،چوہدری فرخ الطاف

ہفتہ 20 جولائی 2019 21:21

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) جہلم پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کے نتیجے میں ارض پاک کی آزادی کے 72 سالوں کے بعد پاکستان کے عوام کو حقیقی معنوں میں معاشی ، معاشرتی اور ذہنی آزادی دلوانے کی جدوجہد شروع ہوئی ، انگریز وں کی تقلید میں پاکستان کے بے پناہ وسائل لوٹنے اور عوام کا بری طرح استحصال کرنے والا ایک بھی مجرم بچ نہیں سکے گا، وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے قبل بلاول زرداری کی امریکہ روانگی کو آصف زرداری کی رہائی کی کوششوں سے جوڑنے کی باتیں ہو رہی ہیں مگر تحریک انصاف کی پوری قیادت بشمول عمران خان پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ملک اور قوم کے وسائل لوٹنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائیگا اور سب کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، ہماری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی یا عناد نہیں ، بڑے بڑے مگر مچھوں کے بعد بہت جلد نچلی سطح پرسیاسی وفاداریوں کے صلے میں بڑے بڑے ٹھیکوں کے اندرکمیشن کھانے والوں کا نمبر بھی آنے والا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سیکریٹریٹ سول لائن روڈ جہلم میں تحصیل سوہاوہ ، تحصیل دینہ سے آئے ہوئے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہو ںنے کہا کہ پاکستان کے وسائل کو اپنی ذاتی تجوریوں میں سمونے والوں کے قصے اور کہانیاں پاکستان سے باہر بھی زبان زدعام ہیں اور بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سمیت ان ملکوں کے عوام بھی کرپٹ سابق حکمرانوں کے خلاف قانونی کاروائیوں پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں، انہو ںنے کہا کہ ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے اور سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعوے کرنے والے تمام سابق کرپٹ حکمران اپنے محبوب و مرغوب استحصالی نظام اور اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے پوری مزاحمت کر رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نت نئے طریقے آزما رہے ہیں مگر پاکستان کے غیور باغیرت عوام سب کچھ جانتے ہیں کہ قیام پاکستان کے بعد ان کی قیادت پہلی مرتبہ ایک ایسے سچے اور نڈر لیڈر کے پاس آئی جو ملک کے وسائل کو حقیقی معنوں میں عوام کے تصرف میں دینا اور ان پر خرچ کرنا چاہتا ہے ،چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ عوام الناس کو یہ سارے معاملات پوری گہرائی اور سمجھ بوجھ کے ساتھ سمجھنے چاہیئے اور کسی کرپٹ کا ساتھ نہیں دینا چاہئیے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں