ڈپٹی کمشنر جہلم کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کا خصوصی اجلاس،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم سمیت دیگر افسران کی شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 27 جنوری 2020 12:47

ڈپٹی کمشنر جہلم کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کا خصوصی اجلاس،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم سمیت دیگر افسران کی شرکت
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ڈپٹی کمشنر جہلم سیف انور جپہ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا خصوصی اجلاس ڈی سی کمپلیکس میں منعقد کیا گیا۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈی ایچ او میاں مظہر حیات، ایم ایس فاروق بنگش، ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ سال 2020کی تین روزہ انسداد پولیو مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کیلئے حکومت پنجاب کے تمام محکمے مل کر کام کریں گے یہ مہم 17فروری سے شروع ہو گی۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو مل کرکام کرنے کی سخت ہدایات دیں اور کہا کہ پولیو مہم میں کوتاہی ہر گز برداشت نہ کی جائیگی ۔انہوں نے کہا ہے کہ جہلم کے ٹال پلازوں پر زیادہ عملہ تعینات کیا جائے تاکہ ہر گاڑی میں 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس بات کے یقین دہانی کروائی کے ایک بچے کو دو یا دو سے زیادہ مرتبہ پولیو کے قطرے پلانانہ صرف محفوظ عمل ہے بلکہ اس سے پولیو کا یقینی خاتمہ ممکن ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ خانہ بدوش آبادیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں اور انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے علماء اورسول سوسائٹی کو قومی خدمت کے جذبہ سے کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہاکہ جہلم کی چارتحصیلوں میں پانچ سال تک کی عمر کے188762سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 424 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں فکسڈ ٹیمیں ،ایریا انچارج اور موبائل ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تمام ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور محکمہ صحت کی تشکیل کی گئی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام انسداد پولیو مہم کے بارے مساجد میں اعلان کر تے ہوئے عوام میں شعور اجاگر کریں، پولیو کا خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور والدین ہرقیمت پر انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں