ڈپٹی کمشنر جہلم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی زیرصدارت عید الاضحی پر صفائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد

جمعرات 23 جون 2022 23:38

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2022ء) ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عامر خان نیازی کی زیرصدارت عید الاضحی کے موقع پر صفائی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم، سی ای او ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک، چیف افسران اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر کامران خان نے کہا کہ ضلع جہلم میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے چھے سیلز پوائنٹسنقائم کیے گئے ہیں جن میں موضع پھکوال سائیں مست دربار جہلم، فوجی مل گراؤنڈ جی ٹی روڈ، قائد اعظم ٹاؤن دینہ، بس سٹینڈ جی ٹی روڈ سوہاوہ، البیرونی ڈگری کالج پی ڈی خان کھیوڑہ روڈ اور زین پیٹرولیم کھیوڑہ روڈ شامل ہیں۔ سیلز پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ عارضی منڈی لگا کر جانوروں کی خریدوفروخت کی اجازت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائیشیں ڈالنے کے لیے شہریوں کو بیگز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ عید الاضحی کے موقع پر ہنگامی شکایت سیل بھی قائم کیا جائے گا، شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں 05449270298 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ میونسپل کمیٹی کا عملہ محلوں سے آلائشیں ودیگر گندگی فلتھ ڈیپو تک پہنچائے گا جہاں سے ٹرالیوں کے زریعے آلائشوں کو ڈمپنگ گراؤنڈ پہنچایا جائے گا۔

جانوروں کی آمدورفت کو مانیٹر کرنے اور ویکسینیشن کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ضلع کے چھ مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس اور منڈیوں کے اندر جانوروں کے مفت علاج کے لیے ویٹرنری ڈسپنسری بھی قائم کی گئیں ہیں۔ جانوروں کے چوری ہونے کے واقعات کے پیش نظر محکمہ پولیس کی جانب سے چیک پوائنٹس قائم کرنے کے ساتھ ساتھ منڈیوں کے اندر پولیس کا عملہ بھی تعینات ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کے دنوں میں ضلع بھر کی گلیوں،روڈز،عیدگاہوں ودیگر مقامات کی صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں، انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ اس موقع پر ضلع بھر میں ٹر یفک اور پارکنگ کا خصوصی پلان مرتب کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیش نہ آئے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں