حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے‘وزیر تعمیرات عامہ

ضلع حویلی کے عوام کی پسماندگی کو دور کرنا میرا مشن ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر اقدامات کر دیئے گئے ہیں ‘چوہدری محمد عزیز

منگل 19 جون 2018 13:10

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت میرٹ کی بحالی ،عوام کی خوشحالی اور گڈگورننس پر یقین رکھتی ہے ۔ضلع حویلی کو ماڈل ضلع بنائیں گے ۔ضلع حویلی میں سڑکوں اورپلوں کی تعمیر کے جو منصوبہ جات ہم نے رکھے ہیں اس سے پہلے کسی حکومت نے نہیں رکھے ۔

ضلع حویلی کے عوام کی پسماندگی کو دور کرنا میرا مشن ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر اقدامات کر دیئے گئے ہیں ضلع حویلی لائن آف کنٹرول پر واقع ہے جہاں پر بھارتی افواج سول آبادی پر فائرنگ کر کے عوام کے جان و مال کا نقصان کر رہی ہے حکومت نے لائن آف کنٹرول پر بسنے والوں کے لیے بھی خصوصی پیکج مختص کیا ہے جس سے یہاں پر رہنے والی آبادی کو صحت ،تعلیم ،رسل و رسائل اور دیگر سہولیات کو اُن کی دہلیز پر فراہم کریںگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دیگوار /ہتھلانجہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس سے قبل وزیر حکومت کا تونگیری پل پر والہانہ استقبال کیا گیا ۔کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔وزیر تعمیرات و مواصلات نے مڈل سکول ہتھلانجہ کو ہائی کا درجہ دینے کا اعلان کیا ۔تقریب کی صدارت چوہدری غلام محمد بخشی نے کی ۔مہمان خصوصی وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری محمد عزیز تھے ۔

وزیر حکومت نے اس کے علاوہ مختلف مقامات پر فوت ہونے والے لوگوں کے ایصال ثواب کے لیے اُن کے گھر جا کر فاتحہ خوانی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔تقریب سے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری محمد انور ،عاشق کیانی اور دیگر نے خطاب کیا ۔مقررین نے وزیر حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حویلی کی اندر سڑکوں کو جال بچھا دیا ہے ۔اور عوام کی سہولیات کے لیے منصوبہ جات رکھے ہیں ۔وزیر حکومت نے ضلع حویلی کے اندر مختلف مقامات پر عید ملن پارٹی میں بھی شرکت کی ۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں