ہمارے نظریات ہماری سوچ اورہمارا مقصد ایک ہونا چاہیے‘ڈپٹی کمشنر حویلی

جتنے کشمیری ہیں وہ پاکستانی ہیں اور ہماری منزل الحاق پاکستان ہے ہمیں اپنے اندر سے تفرقہ بازی کو ختم کرنا چاہیے

جمعرات 19 جولائی 2018 13:44

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر حویلی کاشف حسین نے کہا ہے کہ ہمارے نظریات ہماری سوچ اورہمارا مقصد ایک ہونا چاہیے ۔ہمیں اپنے اندر اتفاق و اتحاد رکھنا چاہیے ۔19جولائی کو حمیداللہ خان کی صدارت میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا اجلاس ہوا جس میںکشمیری قیادت نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قراردار منظور کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کشمیری و پاکستانی ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں جتنے کشمیری ہیں وہ پاکستانی ہیں اور ہماری منزل الحاق پاکستان ہے ہمیں اپنے اندر سے تفرقہ بازی کو ختم کرنا چاہیے اور ہمارے اجتماعی دشمن کی یہی ایک چال ہے کہ وہ ہمیں تقسیم کر کے رکھے ۔آج دنیا کے ہر کونے میں جو بھی کشمیری ہے اُس کے ذہن دل و دماغ سے ایک ہی آواز ہے کشمیری بنے پاکستان ،پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ ۔

(جاری ہے)

لائن آف کنترول کے اُس پار نوجوان بزرگ فخر محسوس کرتے ہیں ہم اگر اپنی جان بھی دیں تو پاکستانی پرچم میں لپیٹے جائیں گئے ۔اور اُن کا جذبہ حریت روزبروز بڑھتا جا رہا ہے اور ان کی ایک ہی آواز ہے کہ ہم لے کے رہیں گے آزادی ۔جب تک یہ خونی لکیرختم نہیں ہو جاتی مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا اور اُس کے بعد کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق نہیں ہو جاتا اُس وقت تک 14اگست 1947کی آزادی مکمل نہیں ہم عالمی قوتوں کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جتنے بھی مظالم ڈھالے اُن کا جذبہ آزادی ختم نہیں ہوتا اور کشمیری قوم کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ ہم ان عالمی طاقتوں کے مرہون منت نہیں ہیں ۔

ہم اپنے نوجوانوں اور اپنے دست ِ بازو سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے اور ایک دن ایسا آئے گا جب یہاں کے کشمیری اور جموں اور سرینکر کے کشمیری ایک ہی نعرہ لگائیں گے اور وہ الحاق پاکستان کا نعرہ ہو گا ۔عالم اسلام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اکھٹے ہو کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آواز بلند کریں اور اقوام متحدہ پر دبائو بڑھائیں ۔یوم الحاق پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہمارے قائدین نے نظریہ الحاق پاکستان دیا ہم پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی ہیں ۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیر بنے گا پاکستان ۔تقریب سے سہیل مسعود ایڈووکیٹ ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل ،چوہدری محمد انور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ،شیخ محمد خورشیدصدر پیپلز پارٹی ضلع حویلی ،چوہدری مجید ڈسٹرکٹ انچارج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،زاہد صائم اے ای او ،سید ماجد گیلانی ،چوہدری جمیل صدر انجمن تاجران ،جنرل سیکرٹری بار یاسر راٹھور ،راجہ محمد نسیم راٹھور ،محمد ارشد بٹ نے خطاب کیا۔آخر میں محمد حسین انقلابی نے الحاق پاکستان کے حوالہ سے قرار داد پیش کی جس کی شرکائے تقریب نے تائید کی ۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں