تعمیراتی کاموں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں ہوگی‘وزیر تعمیرات عامہ

حویلی کی لکڑی حویلی کے اندر ہی لوگوں کو ملنی چاہیے تاکہ جنگل کا نقصان کم ہواور لوگوں کی ضروریات بھی پوری ہو سکیں‘چوہدری محمد عزیز

جمعرات 1 نومبر 2018 14:50

حویلی کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) آزاد کشمیر کے وزیرتعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ تعمیراتی کاموں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں ہوگی ۔وہ ڈپٹی کمشنر آفس حویلی کہوٹہ میں ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیر حکومت کو تعمیرات عامہ شاہرات،پبلک ہیلتھ ،ڈی آر یو ،پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ،جنگلات ،واٹر شیڈ ،لوکل گورنمنٹ اور صحت عامہ کے آفیسران نے ضلع حویلی میں تکمیل اور جاریہ منصوبہ جات کے حوالہ سے پراگریس رپورٹ پیش کی ۔

وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ حویلی کی لکڑی حویلی کے اندر ہی لوگوں کو ملنی چاہیے تاکہ جنگل کا نقصان کم ہو۔اور لوگوں کی ضروریات بھی پوری ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ شاہرات کی سڑکات کا کام تیز کیا جائے اور ان کو اندر معیاد معیار کے مطابق تکمیل کروائیں ۔وزیرحکومت نے کہا ہے کہ بیتاڑ ہائیڈرل پروجیکٹ جس طرح پہلی حالت میں کام کر رہا تھا اُس کو جلد بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو ضلع کے اندر بجلی کی ترسیل ممکن ہو سکے ۔

گریٹر واٹر سپلائی سکیم حویلی کہوٹہ جو کہ عوام کی بنیادی اور اہم ضرورت ہے اُس کی سکیم ریوائز ہو چکی ہے ۔اُس کا کام بھی جلد مکمل کروایا جائے ۔لوکل گورنمنٹ کی جو سکیم ہا مکمل نہیں ہوئی ہیں اُن کو نومبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے ۔وزیرحکومت نے کہا ہے کہ ہسپتال اور ڈسپنسریوں میں سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایاجائے تا کہ لوگوں کو علاج معالجہ میں دشواری پیش نہ آئے ۔

انہوں نے ڈی آریو کے نمائندے کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہائوس حویلی کہوٹہ کی عمارت کو مکمل کریں ۔واٹر شیڈ کے جو منصوبہ جات نامکمل ہیں اُن کو بھی جلد مکمل کیا جائے ۔وزیر حکومت کو بتایا گیا کہ تجدید جنگلات میں کنٹرول لائن کے قریب جو گائوں ہیں اُن میں پودہ جات لگوائے ہیں ۔انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ آئندہ بھی تجدید جنگلات کنٹرول لائن اور سڑکوں کے کنارے بھی پودہ جات لگوائیں ۔

وزیر حکومت نے ڈپٹی کمشنر حویلی کہوٹہ کو ہدایت کی ہے وہ بازار کے اندر اور ضلع حویلی میں یہاں کی بھی ناجائز تجاوزات ہیں اُن کو فوری ختم کریں تا کہ تعمیرات کے کاموں میں کوئی دشواری پیش نہ آئے اور نہ ہی ٹریفک جام کا بحران پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ محکمہ شاہرات سے بھرپور تعاون کرے ۔وزیر تعمیرات عامہ کو ضلع حویلی میں ڈویلپمنٹ پروجیکٹس کے آفیسران نے جاریہ اور مکمل منصوبہ جات کی مکمل تفصیل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے کام کو تیز کرنے اور معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس کے آخر میں سردار محمد کبیر خان ڈی ایف او (مرحوم) اور چوہدری محمد شریف (ر) رینج آفیسر (مرحوم ) کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجہ ارشد محمود ،ڈی ایس پی ساجد عمران ،اے ڈی لوکل گورنمنٹ یوسف قریشی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری محمد انور ،مہتمم شاہرات ندیم سرور ،مہتمم عمارات پرویز کیانی ،ڈی ایف او تجدید ڈویژن سردار محمد لطیف خان ،ڈی ایف او ساجد ندیم ،ایس ڈی او محمود علی ،چیئرمین ضلع زکوٰة کونسل قمر دین قمر ،ایم ایس ڈاکٹر محمد اقبال ،عالمگیر خان (ڈی آر یو)،ملک محمد ایوب ،عبدالمناف کیانی رینج آفیسر واٹر شیڈ ،نمائندہ ایشین ڈویلپمنٹ پروجیکٹس رینج آفیسر محمد صدیق ،تحصیلدارزاہد چوہان اور صدر انجمن تاجران چوہدری محمد جمیل نے شرکت کی ۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں