یوم استقامت و عزم تعمیر نو کے حوالہ سے حویلی کہوٹہ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا

ہمیں بہتر ی کی اُمید رکھنی چاہیے اور بدترین اور غیر متوقع کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے ‘ڈپٹی کمشنر حویلی کہوٹہ

جمعہ 8 اکتوبر 2021 14:37

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2021ء) یوم استقامت و عزم تعمیر نو کے حوالہ سے حویلی کہوٹہ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آفس سے ڈگری کالج تک آگاہی واک کی گئی ۔ڈگری کالج میں شہدائے زلزلہ کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔8:52پر شہری دفاع کی طرف سے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حویلی سید اشفاق گیلانی نے کہا ہے کہ 8اکتوبر 2005کو 72000ہزار لوگ چند سیکنڈمیں آزادکشمیر اور بالا کوٹ میں ہولناک زلزلے سے لقمہ اجل بن گئے ۔جن میں سینکڑوں کی تعداد میں طلباء و طالبات بھی تھے ۔ہر گھر میں صف ماتم بچھی ہوئی تھی ۔انہوں نے کہا ہے کہ انسانیت جب سے قائم ہوئی ہے ۔اس نے مختلف ناگہانی آفات ،قحط ،زلزلہ ،سیلاب جنگوں اور طوفانوں کا مقابلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اوران سے نمٹنے کے لیے علاج بھی دریافت کیا ہے ۔2005کے زلزلہ میں جب ہماری آنکھ کھلی تو بہت کچھ ہو چکا تھا۔ہمیں بہتر ی کی اُمید رکھنی چاہیے اور بدترین اور غیر متوقع کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے ۔کسی وقت بھی کوئی ناگہانی آفت آسکتی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس حوالہ سے پورا ہفتہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔سکولوں میں تقریری مقابلے کروائے گئے ۔

آج کے دن ہمیں تجدید عہد کرنا ہے کہ بحیثیت قوم انسانیت کی خدمت کرنا جانتے ہیں ۔اور مشکل گھڑی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ہم ایک قوم ہیں اور زندہ قومیں وہی ہوتی ہیں جو ماضی سے سبق سیکھ کر مستقبل کو سنواریں ۔ڈپٹی کمشنر نے دعائیہ تقریب میں 8اکتوبر 2005کے زلزلہ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے آخر میں شہدائے زلزلہ کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔تقریب میں ضلعی آفیسران،سرکاری ملازمین،میڈیا نمائندگان،پونچھ ماڈل سکول کہوٹہ،پائلٹ ہائی سکول کہوٹہ کے طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔تقریب سے پرنسپل پائلٹ ہائی سکول کہوٹہ سید عابد حسین بخاری ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری محمد رفیق اور تحصیلدار قمر کاظمی نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں