شاداب ، عامرسمیت کئی کرکٹرز چھوٹے علاقوں سے محنت کرکے اوپر آے ، محمد وسیم

کرکٹ کی طرح تائیکوانڈو کھیل نوجوانوں میں تیزی سے سے مقبول ہو رہا ہے ، سابق چیف سلیکٹر پی سی بی

منگل 6 جون 2023 17:28

شاداب ، عامرسمیت کئی کرکٹرز چھوٹے علاقوں سے محنت کرکے اوپر آے ، محمد وسیم
کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2023ء) سابق چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ محمد وسیم نے کہا ہے کہ شاداب ، عامر سمیت کئی کرکٹرز چھوٹے علاقوں سے محنت کرکے اوپر آے ، کرکٹ کی طرح تائیکوانڈو کھیل نوجوانوں میں تیزی سے سے مقبول ہو رہا ہے ، مستقبل میں بھی کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ملک اور قوم کا نام روشن کریں گے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بچوں کے تائیکوانڈو مقابلے دیکھ کر خوشی ہوئی اور یہ حوصلہ بھی ملا کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ دوسری کھیلوں میں بھی پاکستان کا نوجوان ٹیلنٹ اوپر آرہا ہے، کبھی ہم دنیا کے دیگر ممالک کے بچوں کے تائیکوانڈو مقابلے دیکھ کر خوش ہوتے تھے آج زیادہ خوشی ہو رہی ہے جب اپنے ملک کے بچے تائیکوانڈو کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن و پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام ارم پبلک سکول اینڈ کالج کہوٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ وسیم جنجوعہ ، سکول کی پرنسپل ارم سکندر جنجوعہ ، انٹرنیشنل کوچ صداقت حسین ، پریس کلب کے صدر راجہ عمران ضمیر جنجوعہ ، پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر محمد شبیر راجہ، ممتاز قانون دان راجہ محمد ستار اللہ ، سردار عمران و دیگر موجود تھے ۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم نے کہا کہ بچوں کو تعلیم پر پہلے توجہ دینی چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں جن میں کھیل شامل ہیں ان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شاداب خان ، محمد عامر اور مجھ سمیت کئی ایسے کرکٹرز ہیں جو چھوٹے چھوٹے علاقوں سے محنت کر کے اوپر آئے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ۔

انہوں نے بچوں سے کہا کہ آپ بھی محنت کریں اپنے کھیل میں ملک و قوم کا نام روشن کریں لیکن اس کے لئے محنت ضروری ہے ، محمد وسیم نے کہا کہ سکول ایک عظیم درسگاہ ہے ، مجھے بچوں کو دیکھ اپنا زمانہ یاد آگیا ، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ وسیم جنجوعہ نے کہا کہ بچے کسی بھی ملک کا مستقبل ہوتے ہیں، ان بچوں نے جس شاندار انداز میں تائیکوانڈو کا مظاہرہ کیا ہے اس پر ان کو جتنی بھی داد دی جائے کم ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہی میں کچھ بچے آگے چل کر اس کھیل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے، سکول کی پرنسپل ارم سکندر جنجوعہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا مستقبل ان معصوم بچوں کے ہاتھوں میں ہے ہمارا ملک ایک حقیقت ہے اور ہم سکول میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔

پروقار تقریب میں سکول کے بچوں نے چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور کشمیر کے ملی نغمے پیش کئے ، ایونٹ میں تائیکوانڈو پلیئرز اور سکول کے طالب علموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر تقریب میں موجود شرکا نے دل کھول کر داد دی، تقریب میں کہوٹہ کے مقامی عمائدین، سیاسی شخصیات، وکلا برادری اور بچوں کے والدین سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں