آزادی بہت بڑی نعمت ہے اس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے میر ضیاء اللہ لانگو

ہمارے اسلاف نے اس ملک کے لیے جو قربانیاں دیں اسے ہمیں فراموش نہیں کرنا چاہیے،صوبائی وزیرداخلہ

جمعہ 9 اگست 2019 23:25

قلات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2019ء) صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے جمعہ کے روز یہاں قومی دھارے میں شامل ہونے والے افراد میں ریاست کی جانب سے امداری رقوم تقسیم کیں، صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے ہمارے اسلاف نے اس ملک کے لیے جو قربانیاں دیں اسے ہمیں فراموش نہیں کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم آج کی تاریخ میں ہمیں آزادی کی قدر سکھاتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر1947 سے جاری ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، حال ہی میں آرٹیکل 370 اور 35(a) کی منسوخی کشمیری عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اب تک دو لاکھ سے زائد کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے، پاکستانی عوام کشمیریوں کی اس مشکل گھڑی میں مقبوضہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست ہماری ماں ہے اور کبھی بھی وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی جو اپنی آزادی کی قدر نہ کرتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ہمیشہ قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہے گی اور ان کی از سر نو بحالی کے لیے کوئی کثر اٹھا نہیں رکھے گی، انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے دشمن نے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور ریاست کے خلاف بھڑکانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن بلوچستان کے عوام بنیادی طور پر محب وطن ہیں اور انہوں نے بالآخر دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنا کر واپس قومی دھارے میں آکر ملک کی ترقی اور دفاع میں اپنا کردار ادا کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھائی کو بھائی سے اور قوم کو قوم سے لڑانے کی سازش بے شمار قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنی جس کا درد ہر محب وطن شہری محسوس کرتا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ ریاست کے خلاف جانے کے فیصلے سے نہ صرف صوبے کی صورتحال بلکہ آپ کی اور آپ کے خاندان کی زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے حکومت پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت آپ کی بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے یقین رکھیں کہ ایک بہتر اور روشن مستقبل آپ اور آپ کے خاندان کا منتظر ہے، بعد ازاں صوبائی وزیر نے قومی دھارے میں شامل ہونے والے افراد میں امدادی رقوم تقسیم کیں۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں