ایک سال گزرنے کے باوجود کامیاب امیدواروں کو تاحال تعیناتی آرڈر جاری نہ کرنا باعث تشویش ہے ، امیدوا ران

صوبائی حکومت 30 ستمبر تک محکمہ تعلیم کی خالی آسامیوں پر شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے تعیناتی یقینی بنائے ، پریس کانفرنس

جمعرات 24 ستمبر 2020 23:14

سوراب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے خالی اسامیوں پر سی ٹی ایس پی ٹیسٹ پاس کرنے والے شارٹ لسٹڈ امیدواران مولانا غلام اللہ، مختیار احمد ریاض احمد اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود کامیاب امیدواروں کو تاحال تعیناتی آرڈر جاری نہ کرنا باعث تشویش ہے صوبائی حکومت 30 ستمبر تک محکمہ تعلیم کی خالی آسامیوں پر شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے تعیناتی یقینی بنائے بصورت دیگر عدالت عالیہ سے رجوع کرینگے،انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل محکمہ تعلیم میں مشتہرہ خالی آسامیوں پر سی ٹی ایس پی کے ذریعے ٹیسٹ منعقد کرکے میرٹ کے بنیاد پرکامیاب ہونے والے امیدواروں کی فہرستیں مرتب کی گئی اور شارٹ لسٹ ہونے والے امیدواروں کی لسٹیں آویزاں بھی کی گئی جن پر اعتراض کے مراحل بھی مکمل ہوگئے اس دوران عدالت میں ایک کیس دائر ہوگیا مگر معزز عدالت نے محکمہ تعلیم کو کامیاب امیدواروں کی تعیناتی کے عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی اس کے باوجود تاحال شارٹ لسٹڈامیدواروں کو تعینات نہیں کیا جارہا جوکہ ان کے کیساتھ کھلی زیادتی اور ظلم کے مترادف ہے حکومت کی جانب سے بلاجواز تاخیر کا مظاہرہ کرنے سے ہزاروں کامیاب امیدواروں میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے انہوں نے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان، وزیر تعلیم سردار یار محمد رند ، سیکرٹری تعلیم اور دیگر متعلقہ زمہ داران سے اپیل کی کہ شارٹ لسٹڈ امیدواروں کی تعیناتی آرڈرز جلد از جلد جاری کرکے ان میں پائے جانے والی تشویش کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر صوبائی سطح پر ہونے والے لائحہ عمل کی روشنی میں 30 ستمبر تک آرڈرز جاری نہ ہونے کی صورت میں عدالت عالیہ سے رجوع کرنے سمیت صوبہ کے تمام علاقوں کی طرح سوراب میں بھی احتجاجی کیمپ قائم کرکے حکومتی بدنیتی کے خلاف موثر آواز بلند کریں گے۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں