سوراب،ایکسائز اہلکاروں کی جانب سے غریب ڈرائیوروں سے بھتہ وصولی کا سلسلہ تھم نہ سکا

ملوث آفیسر نے جرم چھپانے کے لئے شوکاز جاری کرنے والے سیکریٹری کو بھی ماموں بنادیا

ہفتہ 26 ستمبر 2020 23:05

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) ایکسائز اہلکاروں کی جانب سے غریب ڈرائیوروں سے بھتہ وصولی کا سلسلہ تھم نہ سکا، ملوث آفیسر نے جرم چھپانے کے لئے شوکاز جاری کرنے والے سیکریٹری کو بھی ماموں بنادیا، عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے ناجائز بھتہ کے خلاف احتجاج کو بالائی حکام سے دروغ بیانی کے زریعے غیر موثر کرنے کی ناکام کوشش جبکہ من مانیوں کا سلسلہ بدستور جاری،نئے تعینات ہونے والے کرپٹ آفیسر اور ان کے ظالمانہ بھتہ سے نجات نہیں دلائی گئی تو احتجاج پر مجبور ہوں گے، متاثرہ ڈرائیورز، تفصیلات کے مطابق سوراب میں ایکسائز اہلکاروں کی جانب سے ایرانی تیل کے کاروبار سے وابستہ چھوٹی گاڑی ڈرائیوروں سے ظالمانہ بھتہ وصولی کا سلسلہ بدستور جاری ہے عوامی احتجاج اور میڈیا میں نشاندہی کے باوجود کرپٹ اہلکار اپنی کرتوتوں سے باز نہیں آئے بلکہ ایکسائز اہلکار پرائیویٹ افراد کی مدد سے مزید ڈھٹائی کے ساتھ انتہائی ظالمانہ انداز میں غریب اور لاچار ڈرائیوروں کو سرعام لوٹ کرانہیں آواز اٹھانے کی سزا دے رہے ہیں، ناجائز بھتہ وصولی کے خلاف سیکریٹری کی جانب سے ملوث آفیسر کو جاری شوکاز نوٹس کی بھی دھجیاں اڑا دی گئی ہے، اور اپنے کرتوت چھپانے کے لئے ایک بے بنیاد رپورٹ کے زریعے محکمہ کے بالائی حکام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کی گئی ہے واضح رہے کہ ایکسائز اینٹی نارکوٹکس کی جانب سے سوراب میں منشیات کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے ایک بھی کاروائی عمل میں نہیں آئی ہے اور نہ ہی رواں مہینوں میں منشیات برآمدگی کا کوئی واقعہ سامنے آیا ہے اس کے باوجود منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کا من گھڑت دعوی کرپٹ اہلکاروں کا اپنی کرتوتوں پر پردہ ڈال کر آفیسران کو بیوقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں، واضح رہے کہ گدر پل پر پرائیویٹ گاڑی میں کھڑے اہلکارایکسائز بھتے کے نام پر بدستور تیل بردار گاڑی ڈرائیورز کو لوٹ رہے ہیں اور انہیں روزانہ لاکھوں روپے کی ناجائز آمدنی ہورہی ہے مذکورہ صورتحال میں غریب طبقہ شدید عاجز آچکا ہے انہوں نے ایک بار پھر وزیر اعلی بلوچستان کورکمانڈر صوبائی وزیر داخلہ اور کمشنر قلات ڈویژن سے سوراب میں ایکسائز اہلکاروں کی ناجائز بھتہ وصولی سے نجات دلانے اور ملوث کرپٹ آفیسر کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا ہے اور انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی فریاد پر توجہ نہیں دی گئی تو وہ علاقہ کے سیاسی و سماجی کارکنوں کے ساتھ مل کر شدید احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ایکسائز اینٹی نارکوٹکس کے نئے تعینات ہونے والے کرپٹ آفیسر پر عائد ہوگی

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں