اسسٹنٹ کمشنر سوراب محمد اسماعیل مینگل کا پبلک لائبریری سوراب کا دورہ

اپنی مدد آپ کے تحت لائبریری کے قیام پر نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہا،اہمیت کے حامل کتب سمیت دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے اقدامات کی یقین دہانی

پیر 20 ستمبر 2021 22:31

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) اسسٹنٹ کمشنر سوراب محمد اسماعیل مینگل کا پبلک لائبریری سوراب کا دورہ، اپنی مدد آپ کے تحت لائبریری کے قیام پر نوجوانوں کی کاوشوں کو سراہا،اہمیت کے حامل کتب سمیت دیگر ضروریات کی فراہمی کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پر پریس کلب سوراب کے صدر شبیر احمد لہڑی بھی ہمراہ تھے، لائبریری آمد پر بلوچ اسٹوڈنٹس الائنس کے ممبران سوراب پبلک لائبریری کے بانی اراکین ڈاکٹر وحید بلوچ، ظہوربلوچ نے اسسٹنٹ کمشنر محمد اسماعیل مینگل کو خوش آمدید کہا اور انہیں لائبریری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اسسٹنٹ کمشنر سوراب نے مقامی پرعزم نوجوانوں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت لائبریری کے قیام اور کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے طلبہ و طالبات کی رہنمائی کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود نوجوانوں میں کتب بینی کے رجحان کو فروغ دینے کے لئے معیاری لائبریری کا قیام قابل تحسین اقدام ہے، اسی طرح کی اقدامات قوم کی حقیقی خدمت کہلائی جاتی ہیں، لائبریری کی بدولت نہ صرف ایک انسان کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مطالعہ کی بدولت وہ مقابلے کی بھر پور تیاری کرکے معاشرے میں یقینی طور پر ایک معزز اور نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے، اسسٹنٹ کمشنر محمد اسماعیل مینگل کا کہنا تھا کہ لائبریری تہذیب و تمدن کو پروان چڑھانے کی بہترین عکاس ہے، یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جس تہذیب اور قوم نے لائبریریوں کی لاج رکھی ہے وہ معاشر ے میں ترقی کیے بغیر نہیں رہ سکی، ذوق مطالعہ ایک مہذب اور باشعور معاشرہ کی علامت ہے، کتاب سے شغف رکھنے والے صاحب استطاعت افراد لائبریری کو کتاب ہدیہ کرنے کو ہرممکن کوشش کریں، ان کی اس کاوش کی بدولت سینکڑوں انسان سالہا سال ان علمی سر چشموں سے اپنی فکری پیاس بجھا سکیں گے،کسی بھی لائبریری کو کتاب کے مد میں عطیہ ایک بہترین صدقہِ جاریہ ہے، ہمیں اپنے زیر مطالعہ یا ذاتی کتب سے ان لائبریریوں کو کتابیں عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ دینا چاہئے، انہوں نے پبلک لائبریری سوراب میں عصر حاضر کے مقابلے کے امتحانات سے متعلق اہمیت کے حامل کتب کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس حوالے سے اپنی جانب سے ضروری کتابوں کی فراہمی سمیت لائبریری کے دیگر توجہ طلب مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات ،جبکہ لائبریری کے زیراہتمام مقابلے کی تیاری کے خواہش مند طلبا کے لئے کیریئر کونسلنگ کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ منعقدہ سرکلز میں رہنمائی پر مبنی لیکچرز کے لئے بھی یقین دہانی کرائی، لائبریری کے بانی اراکین نے حوصلہ افزائی اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی پر اسسٹنٹ کمشنر سوراب محمد اسماعیل مینگل کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں