ایم این اے مولانا سید محمود شاہ نے سوراب میں کسٹم اور دیگر اداروں کے چیک پوسٹوں پر جاری بھتہ خوری اور عوام کو ناجائز تنگ کرنے کا معاملہ میں قومی اسمبلی اجلاس میں اٹھادیا

جمعہ 13 مئی 2022 20:16

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2022ء) ایم این اے مولانا سید محمود شاہ نے سوراب میں کسٹم اور دیگر اداروں کے چیک پوسٹوں پر جاری بھتہ خوری اور عوام کو ناجائز تنگ کرنے کا معاملہ میں قومی اسمبلی اجلاس میں اٹھادیا، ڈپٹی اسپیکر کا مسئلہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجنے کا فیصلہ، انکا کہنا تھا حلقے کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے ،سرکاری ادارے شہریوں کی خدمت اور انہیں راحت رسانی کے پابند ہیں ، کسٹم ،ایکسائز اور لیویز کے ناکوں پر لوگوں کو کس قانون کے تحت لوٹا جارہا ہے، زمہ داروں کے تعین اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچاکر دم لیں گے تفصیلات کے مطابق حلقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی مولانا سید محمود شاہ نے سوراب میں کسٹم چیک پوسٹ پر جاری ناجائز بھتہ خوری کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھاکر عوام کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا، بعدازاں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کے مطالبے پر معاملہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیا، اجلاس کے بعد پریس کلب سوراب کے صحافیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئیرکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سوراب میں قائم کسٹم چیک پوسٹ پر تعینات اہلکار ایک عرصے سے لوگوں کو ناجائز تنگ کرکے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ،کچھ عرصہ قبل نشاندہی کے باوجود تاحال ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوئی، یوریا پر بندش اور اس کی نقل و حمل روکنے کا حکم دیگر ممالک سے متصل بارڈر کے دس کلومیٹر کے ایریا کے لئے ہے مگر سوراب میں کسٹم کے کرپٹ اہلکار اس معاملے میں خودساختہ قانون کے آڑ میں رشوت اور بھتہ خوری کا بازار گرم کرچکے ہیں حلقے کے زمینداروں کو ناجائز تنگ کرکے ان سے بھتہ لیکر یوریا لے جانے کی اجازت دی جاتی ہے یہ ظلم آخر کیوں اور کس لیے کیا جارہا ہے کیا سوراب کسٹم چیک پوسٹ پر تعینات آفیسران اور اہلکار ملکی آئین اور قانون سے بالاتر ہیں کہ وہ جس طرح چاہیں لاچار عوام کو ایذا دیں، صوبے کے عوام کے ساتھ اپنے حلقے میں زیادتیوں کا سلسلہ اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، قومی اسمبلی میں معاملہ اٹھائے جانے کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اسے متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیا ہے، ان شااللہ زمہ داروں کے تعین اور ملوث کرپٹ اہلکاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچاکر عوام کو ان کی اذیت سے نجات دلائیں گے۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں