حکومت بلوچستان محدود وسائل کے باوجود صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں صحت مندانہ ماحول مہیا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے ،ڈپٹی کمشنر سوراب

منگل 17 مئی 2022 20:34

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر سوراب جلال الدین خان کاکڑ کی صدارت میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس ،حکومت بلوچستان کی یوتھ انگیجمنٹ پالیسی کے تحت ضلع میں جاری اسپورٹس فیسٹیول کی تیاریوں کا جائزہ اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کا عزم، اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سوراب امجدبلوچ ڈی ڈی او سوراب نوراحمد رودینی ڈی ڈی او گدر عبداللہ نیچاری سمیت خواتین آفیسران اور اسکولوں کے سربراہان نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جلال الدین خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلوچستان محدود وسائل کے باوجود صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں صحت مندانہ ماحول مہیا کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے ، بلوچستان یوتھ انگیجمنٹ پالیسی کے تحت صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع سوراب میں بھی انتظامیہ کی نگرانی میں کامیاب اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ہورہا ہے جس میں فٹبال کرکٹ بیڈمنٹن ہاکی رسہ کشی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ سمیت طلباء و طالبات کے درمیان تقریر، حسن قرات اور حمد و نعت کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں جس میں ضلع بھر کے تمام علاقوں کے نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کو بلاامتیاز حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا، اس سلسلے میں دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے ہمیں مل کر اس فیسٹیول کو خوش اسلوبی کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے، اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل جبکہ اکثر کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز بھی ہوچکا ہے جس میں ضلع کے عوام کی دلچسپی حوصلہ افزا ہے جبکہ وہ جوش و خروش کے ساتھ اس فیسٹیول کا حصہ بن کر لطف اندوز ہورہی ہے، اجلاس میں تہیہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم سمیت تمام سرکاری محکمے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں بلوچستان یوتھ انگیجمنٹ پالیسی کے تحت جاری اس فیسٹیول کو اس کے اہداف کے مطابق پائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھاکر اسے ہرحوالے سیمثالی بنائیں گے۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں