شوگر کین بورڈ کااجلاس 16اکتوبر کو کراچی میں طلب

کرشنگ سیزن کے آغاز،گنے کے نرخ طے کرنے میں مدد ملے گی،سندھ آبادگار بورڈ

پیر 14 اکتوبر 2019 16:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) سندھ میں کرشنگ سیزن کی تاریخ اورگنے کے نرخ طے کرنے کیلئے شوگر کین بورڈ کااجلاس 16اکتوبر کوکراچی میں طلب کرلیا گیا ہے ۔اکتوبرکامہینہ شروع ہونے کے باوجود شوگرملوں کی جانب سے کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے اورگنے کے نرخ طے کرنے میں ٹال مٹول کرنے پر سندھ کے کاشت کاروں میں شدید تشویش کی لہردوڑ گئی ہے ۔

صوبے کی کاشت کارتنظیموں نے سیکریٹری زراعت کو خط لکھ کر اس ضمن میں اپنے تحفظات کااظہار کیا ہے ۔سندھ آبادگاربورڈ کی جانب سے بھی سیکریٹری زراعت کو لکھے جانے والے خط میں بھی شوگرکین بورڈ کااجلاس طلب نہ کیے جانے پر کاشت کاروں کی مایوسی کے بارے میں آگہی دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا تھاکہ شوگرکین بورڈ کااجلاس فوری طلب کرکے کرشنگ سیزن کی تاریخ اورگنے کے نرخ طے کیے جاِئیں۔

(جاری ہے)

سندھ آبادگاربورڈ اور دیگر کاشتکار تنظیموں کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے پرمحکمہ زراعت سندھ نے 16 اکتوبر کو شوگرکین بورڈ کااجلاس کراچی میں طلب کر لیا ہے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کوشرکت کی دعوت دی جارہی ہے ۔ اس حوالے سے سندھ آبادگاربورڈ کے رہنما عمران بوزدارنے رابطہ کرنے پربتایا کہ شوگرکین بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جوخوش آئند امر ہے اوراس سے نئے کرشنگ سیزن کے آغاز اورگنے کے نرخ طے کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں