نیشنل بینک آف پاکستان اور بینک آف چائنا کے درمیان بینکاری کی خدمات میں اضافہ کے لیے مفاہمتی یادداشت

پیر 15 جنوری 2018 22:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) نیشنل بینک آف پاکستان اور بینک آف چائنا نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد ملک میں بینکاری کی خدمات میں اضافہ کرنا ہے۔مفاہمت کی اس یادداشت کے ذریعے دونوں اداروں کے درمیان کاروباری خلا ء کو پر کیا جا ئے گا اور باہمی تعاون کوفروغ دیا جائے گا۔ مفاہمت کی اس یادداشت سے دونوں قوموں کے درمیان ناقابل تسخیر بھائی چارہ بھی مزید مضبوط ہو گا۔

دستاویز پر نیشنل بینک کی جانب سے بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، سعید احمد اور بینک آف چائنا پاکستان آپریشنز کے کنٹری ہیڈ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر تاؤلی (Tao Li) نے دستخط کیے۔اس موقع پر نیشنل بینک کے گروپ چیف -انویسٹمنٹ بینکنگ، رحمت علی حسنی، گروپ چیف -کارپوریٹ بینکنگ، سید جمال باقر، ڈویژنل ہیڈ-فنانشل انسٹی ٹیوشنزشیخ طارق عبداللہ، سینئر ریلیشن شپ منیجر-فنانشل انسٹی ٹیوشنز دانش سعید خان، ریلیشن شپ منیجر-فنانشل انسٹی ٹیوشنزشیخ راحیل احمد جبکہ بینک آف چائنا کی جانب سے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسرین ژیاؤ، ہیڈ آف بزنس ڈیویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ محترمہ سون ہوئی،ڈپٹی ہیڈ آف بزنس ڈیویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ سن یوچینگ اور ریلیشن شپ منیجر فنانشل انسٹی ٹیوشنز طلحہٰ رضوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد نے بینک آف چائنا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا،’’دونوں اداروں نے مضبوط کاروباری تعلقات قائم کیے ہیں اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ نیشنل بینک سمجھتا ہے کہ مفاہمت کی اس یادداشت کے ذریعے ٹریڈ فنانس، کیش منیجمنٹ، انٹرنیشنل ٹرانزیکشنز، کارپوریٹ لینڈنگ اور پروجیکٹ فنانسنگ ، انفراسٹرکچر فنانسنگ، انویسٹمنٹ بینکنگ اور دیگر بہت سے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

بینک آف چائنا کے کنٹری ہیڈ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر تاؤ لی (Tao Li) نے اس یادگار ایونٹ کا حصہ بننے پر اپنی خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینک آف چائنا کے نیشنل بینک کے ساتھ بہت عرصہ سے کاروباری تعلقات قائم ہیں۔ پاکستا ن کے کسی بھی بینک کے ساتھ طے پانے والی یہ بینک آف چائنا کی پہلی مفاہمتی یادداشت ہے۔ بینک آف چائنا پاکستان کے ساتھ مخلص ہے اور سی پیک کے تحت پروجیکٹس کے علاوہ پاکستان میں رہنے والے مقامی کارپوریٹ کلائنٹس کو بھی اپنی بہترین فنانشل خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

پاک چین دوستی نہ صرف دونوں اقوام کے درمیان اتحاد کی علامت ہے بلکہ باہمی اعتماد، برداشت اور طویل المیعادبھروسے کے مضبوط بندھن کا آئنہ دار بھی ہے جس کا پوری دنیا میں اعتراف کیا جاتا ہے۔ ایک قابل بھروسہ دوست ہونے کی حیثیت سے چین نے ہمیشہ پاکستان کی معاشی ترقی اور نشوونما میں حصہ لیا ہے۔گوادر پورٹ کی ترقی اور چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) پاکستان کی جانب چین کے غیر مشروب سپورٹ کی مثال ہے۔

دونوں ممالک نے انفراسٹرکچر کنسٹرکشن، انرجی ڈیویلپمنٹ اور افراد کے تبادلہ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔بینک آف چائنا دنیا کے بڑے بینکوں میں سے ایک ہے جس کے کل اثاثوں کی مالیت 2.9کھرب امریکی ڈالرز ہے۔ نیشنل بینک آف پاکستان ملک کا سب سے بڑا مالی ادارہ ہے جس کی پورے پاکستان میں1,456شاخیں ہیں اور دنیا کے دیگر 19ممالک میں بھی موجود ہے۔ دونوں فریقین سمجھتے ہیں کہ یہ تعاون دونوں بینکوں اور دونوں ممالک کے لیے کامیابی کی جانب پیش رفت کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں