ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے نے ایک ہی دن میں پاکستانی معیشت کو کھربوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا

روپے کی قدر میں تاریخی کمی، ڈالر 127 روپے 99 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ڈالر کی بلند ترین سطح کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس میں 605 پوائنٹس کی کمی ،انڈیکس 39 ہزار 665 پر بند، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرضوں میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا

پیر 16 جولائی 2018 17:16

ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے نے ایک ہی دن میں پاکستانی معیشت کو کھربوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ، امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 127 روپے 99 پیسے تک پہنچ گیا، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے بیرونی قرضوں میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہو گیا ۔ پیر کو انٹر بینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں کاروبار کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 75 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ایک ڈالر 128 روپے 26 پیسے کا ہوگیا۔

کاروبار کے دوران ایک موقع پر ڈالر 126 روپے کی سطح پر پہنچا جس کے بعد اس میں کمی دیکھی گئی اور ایک ڈالر 125 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ٹریڈنگ کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر ساڑھے 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ڈالر 128 روپے 26 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 45 پیسے تک اضافہ ہوا اور ڈالر 127 روپے 99 پیسے پر بند ہوا۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی بلند ترین سطح کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا 100 انڈیکس میں 800 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔مارکیٹ میں شدید مندی اور پوائنٹس کی کمی سے ہنڈرڈ انڈیکس پہلے سیشن میں 39 ہزار 500 کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس میں 605 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی اور انڈیکس 39 ہزار 665 پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر مہنگا ہونے سے حکومت کے بیرونی قرضوں میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو بڑھ کر 8 ہزار 120 ارب روپے ہوچکا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی کے اختتام پر حکومت کا بیرونی قرض 7 ہزار 324 ارب روپے تھا اور مئی میں بیرونی قرضوں کی مالیت روپے میں 115.61 کی شرح تبادلہ سے نکالی گئی۔معاشی ماہرین نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور ادائیگیوں کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

جمعے کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر 121 روپے 54 پیسے کا تھا جس میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔یاد رہے کہ رواں سال کی ابتدا میں کاروبار کے دوران ڈالر 110 روپے 50 پر ٹریڈ کر رہا تھا اور مختلف اوقات میں اس میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں