چین نے ایل جی ڈسپلے کیلئے اولیڈ پلانٹ بنانے کی منظوری دے دی

پیر 16 جولائی 2018 19:10

چین نے ایل جی ڈسپلے کیلئے اولیڈ پلانٹ بنانے کی منظوری دے دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) دنیا کے صف اول کے جدت انگیز ڈسپلے ٹیکنالوجیز بنانے والی ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی ڈسپلے (LG Display) نے چین کے صوبے گوانگزہو میں کمپنی کے اولیڈ کے پیداواری پلانٹ کے مشترکہ منصوبہ کا اعلان کیا ہے جس کی چینی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ اس مشترکہ منصوبے کے تحت 2.6 کھرب کورین وان کے سرمائے سے ایل جی ڈسپلے کا نیا اولیڈ پینل پروڈکشن پلانٹ قائم کیا جائے گا۔

اس مشترکہ منصوبے میں ایل جی ڈسپلے کا 70 فیصد شیئر ہوگا جبکہ 30 فیصد شیئر گوانگزہو اکنامک اینڈ ٹیکنالوجیکل ڈیولپمنٹ ڈسٹرکٹ کے پاس ہوں گے۔ اس مشترکہ منصوبے پر مجموعی طور پر 5 کھرب وان کی سرمایہ کاری ہوگی۔ ایل جی ڈسپلے اس وقت 8.5 جنریشن (2200 بائی 2500) اولیڈ پینل تیار کرنے کیلئے پلانٹ تعمیر کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس پلانٹ سے بڑے پیمانے پر پیداوار کا آغاز سال 2019 کی دوسری ششماہی سے ہوگا ۔

گوانگزہو اولیڈ پلانٹ بنیادی طور پر بڑے سائز کے ٹی وی کے لئے اولیڈ پینل تیار کرے گا۔ ایل جی ڈسپلے ماہانہ بنیادوں پر 60 ہزار ان پٹ شیٹس کی تیاری کا آغاز کرے گا اور پیداوار میں بتدریج اضافہ لاکر 90 ہزار شیٹس تیار کی جائیں گی۔ جنوبی کوریا کے شہر پاجو میں کمپنی کے پلانٹس میں ماہانہ 70 ہزار ان پٹ شیٹیں تیار کرنے کی گنجائش ہے۔ سال 2019 کی دوسری ششماہی میں ماہانہ ایک لاکھ 30 ہزار شیٹیں تیار کی جاسکیں گی۔

اس پیداوار ی یونٹ کی بدولت کمپنی سالانہ بنیادوں پر 10 ملین 55 انچ کے اولیڈ ٹی وی پینلز مارکیٹ میں بھیجنے کے قابل ہوجائے گی۔ ایل جی ڈسپلے کے سی ای او اور وائس چئیرمین ڈاکٹر سانگ بویم ہان نے کہا، "ایل جی ڈسپلے چینی حکومت کی منظوری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ہم ہر ممکن انداز سے تعمیراتی کام اور بڑے پیمانے پر پیداواری شیڈول میں تیزی لانے کی کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں اپنے پچھلے 8.5 جنریشن اولیڈ پلانٹ کی تعمیر کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے تاکہ اپنے صارفین کو بروقت اولیڈ پینلز فراہم کئے جاسکیں۔ ہم اپنے کاروباری ڈھانچے میں تیزی سے بڑی تبدیلی لارہے ہیں جس میں اولیڈ پر توجہ دی جائے گی اور اس طرح عالمی سطح پر ڈسپلے کے میدان میں اپنی قیادت جاری رکھیں گے۔"

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں