برطانیہ کو ناقص آم برآمد ,

اربوں روپے کا نقصان انگلستان سمیت پورے یورپ کوآموں کی برآمد خطرے میں پڑگئی ،آموں کی 8کھیپ ناقص نکلی برطانوی حکام نے انہیں تلف کرکے اخراجات پاکستانی برآمد کنندگان سے وصول کیے تلف کیے گئے آموں کی مالیت 13ملین امریکی ڈالر تھی ،آم سمیت تمام پھلوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کردی جائے ،برآمدکنندگان کی حکومت سے درخواست

پیر 23 جولائی 2018 13:51

برطانیہ کو ناقص آم برآمد ,
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان سے برطانیہ کو ناقص آموں کی شپمنٹ سے نہ صرف ملک کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے بلکہ خراب آم بھیجنے پر برطانیہ سمیت یورپ بھر میں پاکستانی آموں کی بر آمدات کو بھی خدشات لاحق ہوگئے ہیں،بتایا جاتا ہے کہ پاکستان سے برطانیہ کو بھیجے جانے والے آموں کی آٹھ کھیپ ناقص نکلیں جس پر برطانیہ کے محکمہ قرنطینہ نے نہ صرف مذکورہ آموں کی کھیپوں کو تلف کردیا بلکہ ان آموں کو تلف کرنے کے اخراجات بھی پاکستانی بر آمد کنندگان سے وصول کیے ،ذرائع کا بتانا ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی آموں کی تلف کی جانے والی کھیپ کی مالیت13ملین امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے جبکہ اس کھیپ کو تلف کیے جانے والے اخراجات اس کے علاوہ ہیں، پاکستان سے یورپ کو آم کی بر آمد 6500ٹن کے لگ بھگ ہے جبکہ پاکستان سے آنے والے آموں کی کھیپ ناقص نکلنے پر برطانیہ سمیت یورپ بھر میں پاکستانی آموں کی بر آمدات کو خدشات لاحق ہوگئے ہیں اور بر آمد کنندگان نے اس ضمن میں ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن اور محکمہ قرنطینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے یورپ کو بر آمد کیے جانے والے آم اور دیگر پھلوں کی مانیٹرنگ مزید سخت کردی جائے تا کہ ناقص اشیا کی بر آمدات کے واقعات کو روکا جاسکے ،واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان سے ناقص آم کی بر آمد پر یورپی ممالک نے 5کھیپ مسترد ہونے کی شرط عائد کردی تھی ،تاہم خوش قسمتی سے 8کھیپ مسترد ہونے پر تاحال برطانیہ کی جانب سے پاکستان پر پابندی کے حوالے سے اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں مگر اس حوالے سے پاکستانی بر آمدکنندگان اور متعلقہ محکموں کو سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں