فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن ایک اور شکست کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے،ایس ایم منیر

یو بی جی کے انتخابی جلسوں سے میاں محمدادریس،انجینئرداروخان،اختیار بیگ،زبیرطفیل،غضنفربلور اور دیگر رہنمائوں کا خطاب

پیر 19 نومبر 2018 20:22

فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن ایک اور شکست کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے،ایس ایم منیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کا الیکشن برائی2019اپوزیشن کیلئے آخری الیکشن ثابت ہوگا کیونکہ ملک بھر سے انہیں امیدواروں کی تلاش میں ناکامی کا سامنا ہے اور تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میں ہاتھ جوڑنے کے باوجود وہ بمشکل 3امیدوار ہی سامنے لاپائے ہیں جنہیں ہمارے امیدوار ووٹوں کی طاقت سے شکست سے دوچار کرینگے اس لئے فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن ایک اور شکست کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہے۔

یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز کے مطابق ایس ایم منیرنے ان خیالات کا اظہارمختلف شہروں میں ایف پی سی سی آئی الیکشن کے سلسلے میں ہونے والی یو بی جی میٹنگز سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان میٹنگ میں چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں محمدادریس ،صدارتی امیدوار انجینئرداروخان،امیدوار برائے سینئرنائب صدر مرزااختیار بیگ،،زبیرطفیل،غضنفربلور اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر مظہراے ناصر،شکیل احمدڈھینگڑا،ریاض الدین شیخ،وقار میاں، سہیل الطاف،احمدچنائے، امیدوار برائے نائب صدورنوراحمدخان،نقی باڑی،ارشدجمال، عبدالرئوف مختار،محمداعجاز عباسی ،شیریں ارشد،عبدالوحید اور دیگربھی موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ اپوزیشن گروپ فیڈریشن الیکشن میں اپنی پانچویں شکست کا مزہ چکھنے کی تیاری کرے،فیڈریشن میں یو بی جی سے منتخب تمام عہدیداروں نے مسلسل چار سال کے دوران بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے اور فیڈریشن کے فنڈز کو ماضی کی طرح بے جااستعمال کرنے کے بجائے اخراجات اپنی جیب سے کئے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما سال میں ایک بار بلوں سے نکل کر یہ شور مچاتے ہیں کہ ایف پی سی سی آئی میں کوئی کام نہیں ہورہا،درحقیقت اپوزیشن گروپ کے کئی رہنما اپنے بیانات کی آڑ میں اپنی کرپشن کو چھپانے کی کوششیں کررہے ہیں لیکن ملک بھر کی بزنس کمیونٹی جان چکی ہے کہ ایف پی سی سی آئی کی عزت ووقار کی دھجیاں اپویشن نے بکھیریں اور یو بی جی نے فیڈریشن کو اس کا اصل مقام دلایا ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ،فیڈریشن الیکشن میں ہمارے گروپ کے تمام ہی امیدوار بھاری اکثریت میں ووٹ حاصل کرکے مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کریں گے۔ چیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے کہاکہ کام کرنا مشکل اور دوسرے پر الزام لگانا سب سے آسان ہے اور الزامات وہ لوگ لگاتے ہیں جو کام نہیں کرسکتے،یو بی جی نے فیڈریشن میں چار سال کے دوران جو کام کئے وہ تاریخی ہیں جبکہ اپوزیشن گروپ اپنے دوسر اقتدار میں فیڈریشن کے خزانے پر ہاتھ صاف کرتا رہا،ہم نے ایف پی سی سی آئی کی اسلام آباد کی بلڈنگ مکمل کی ،گوادر میں فیڈریشن کا آفس قائم کیا۔

پشاور کی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے منظوری دی گئی ،کئی شعبوں میں بہترین کام کئے گئے۔فیڈریشن ہائوس کراچی میں بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی بہترین کارکردگی کی بدولت ملک بھر کی 90فیصد بزنس کمیونٹی ہمارے گروپ کے ساتھ ہے اور اسی طاقت کے بل بوتے پر ہم 28دسمبر2018کو ہونے والا فیڈریشن الیکشن بھی جیتیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں