سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامعہ معاشی پالیسی کی ضرورت ہے، عبدالقہار خان ودن

معیشت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے، احسان اللہ اچکزئی گوادر پورٹ سے تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی، اختر زید

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامعہ معاشی پالیسی کی ضرورت ہے۔ سی پیک میں بلوچستان کو ترجیح دی جائے۔ صوبے میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے مختلف منصوبے شروع کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر بلوچستان عبدالقہار خان ودن نے بولان لاجسٹک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاجسٹک کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ لاجسٹک نے منسلک افراد کے مسائل فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ بولان لاجسٹکٹ کے سی ای او حاجی نسیم تریالا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت ہے۔ تاجر برادری اور صنعتکاروں کو ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے ریلیف دیا جائے۔

(جاری ہے)

الحبیب کارگو کے سی ای او احسان اللہ اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے تاجر برادری اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے تاجر دوست پالیسی اپنائی جائے۔ سابق سینئر وائس چیئرمین پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اور ایف پی سی سی آئی (یو بی جی) کے 2019 کے صدارتی امیدوار انجینئر دارو خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بولان لاجسٹک کا قیام خوش آئند ہے۔

لاجسٹک کا شعبہ اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت ملکی معیشت بہتر بنانے کیلئے لاجسٹک کے شعبے کو سہولتیں فراہم کرے۔ تاجر عابد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کو مسائل کے حل کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ سی پیک ملکی معیشت میں اہمیت کا حامل ہے۔ زیب ٹرانسپورٹ کے سی ای او اخر زید نے کہا کہ گوادر پورٹ مکمل ایکٹیو ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر بولان لاجسٹک کے جنرل مینیجر محمد نسیم، محمد خان اچکزئی، محمد قسیم بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں