رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ،خسارے میں چلنے والے قومی اداروں نے بینکوں سے ایک کھرب 15 ارب روپے سے زائدکا قرض لیا

گزشتہ مالی سال سے اسی عرصے میں صرف 2 ارب 58 کروڑ روپے قرض لیا تھا،جن قومی اداروں نے قرض لیا ان میں پی آئی اے،اسٹیل ملز،ریلوے اورواپڈاشامل ہیں

پیر 17 دسمبر 2018 15:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان کے پہلے سے خسارے میں چلنے والے قومی اداروں نے رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران بینکوں سے ایک کھرب 15 ارب 46 کروڑ روپے قرض لے لیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ پبلک سیکٹر انٹرپرائززکا خسارہ کم کرنے کی کوشش کریں گے تاہم حکومت نے ان کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان اداروں نے گزشتہ مالی سال کے دوران اسی عرصے میں صرف 2 ارب 58 کروڑ روپے قرض لیا تھا۔جن قومی اداروں نے قرض لیا ان میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ، پاکستان اسٹیل ملز ، پاکستان ریلوے اور واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) شامل ہیں۔صرف پی آئی اے ، اسٹیل ملز اور ریلوے کی وجہ سے گزشتہ 3 سال کے دوران مجموعی طور پر 7 کھر 5 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق قومی ادارے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے مقروض ہورہے ہیں۔ گزشتہ برس ان اداروں نے مجموعی طور پر بینکوں سے 2 سو 45 ارب 40 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا لیکن گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں یہ قرض بہت کم تھا ،جبکہ صرف 5 ماہ میں 2 ارب 58 کروڑ کے قرض لیے گئے ۔تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک قومی ادارے قرض لینے کا ریکارڈ قائم کردیںگے کیونکہ 2017-18کے اختتام پر 10 کھرب 68 ارب 20 کروڑ روپے کا قرض لیا گیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں