ایف پی سی سی آئی کی قیادت پاکستان میں معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کے ساتھ ہے، ایس ایم منیر

ہمیں ملک کو سماجی اوراقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے بھرپورکوششیں کرناہوں گی ،سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ

جمعہ 26 اپریل 2019 13:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹو اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان ملکی معاشی استحکام،پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری لانے سمیت دیگر اہم اقدامات کررہے ہیں اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ مقرر کرنا بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے،بزنس کمیونٹی بالخصوص ایف پی سی سی آئی کی قیادت پاکستان میں معیشت کی بحالی کے مشن میں ہرقدم پر حکومت کے ساتھ ہے لیکن حکومت بھی فیصلے ہماری مشاورت کے ساتھ کرے۔

انہو ں نے ان خیالات کا اظہارٹورنٹو کی بزنس کمیونٹی سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پرٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عمران صدیقی، یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاری، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نوراحمدخان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مسائل کا ادراک ہے اور وہ بخوبی سمجھتے ہیں کہ برآمدات کی راہ میں کیا رکاوٹیں حائل ہیں اور یقیناً وہ ان مسائل کو حل کریں گے بالخصوص ملکی برآمدکنندگان کے طویل عرصہ سے روکے گئے سیلزٹیکس وانکم ٹیکس ریفنڈز جاری کریں گے تاکہ برآمدات میں آنے والی رکاوٹیں دور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہمیں ملک کو سماجی اوراقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے بھرپورکوششیں کرناہوں گی جبکہ ایک مستحکم معاشرے کا قیام بھی ضروری ہے جہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، وزیراعظم عمران خان کی کامیابی سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور وہ اس سلسلے میں انتھک جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان کی بزنس کمیونٹی بھی یونائٹیڈ بزنس کمیونٹی کے بینرتلے ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کاروبار کی راہ میں حائل رکاوٹوں کاجلد سے جلد خاتمہ کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی زبیرطفیل کی سربراہی میں قائم بجٹ کمیٹی نے فیڈریشن کے صدر کی قیادت میں حکومت کوموثر بجٹ تجاویزفراہم کردی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور مشیرخزانہ ڈاکڑعبدالحفیظ شیخ ان تجاویز کو نئے مالی سال کے بجٹ میں اہمیت دیں گے، پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور جمہوری ملک بنانے کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں