اینگرو کارپوریشن نے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا

جمعہ 26 اپریل 2019 17:29

اینگرو کارپوریشن نے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) اینگرو کارپوریشن نے 31مارچ 2019کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فرٹیلائزر کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کے مجموعی منافع میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21فیصد اضافہ ہوا۔ کمپنی کا مجموعی منافع بعد از ٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کے 6837ملین روپے کے مقابلے میں 6565ملین روپے رہا جبکہ مالکان کو منسوب منافع بعد از ٹیکس پچھلے سال کے اسی مدت کے 4,194 ملین کے مقابلے میں 4,010 ملین روپے رہا۔

انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر کمپنی کا بعداز ٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کی3,146ملین روپے کے مقابلے میں 3,832ملین روپے رہاجبکہ کمپنی کی فی حصص آمدنی 7.32روپے فی حصص رہی۔

(جاری ہے)

کمپنی نے سال 2019 کی پہلی سہ ماہی کیلئے 7.00 روپے فی حصص عبوری ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ملک کے بڑھتے ہوئے مسائل میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے اینگرو کارپوریشن نے طویل المدّتی حکمتِ عملی کی روشنی میں خوراک وزراعت، توانائی اور اس سے متعلقہ انفرااسٹرکچر، پیٹروکیمیکلز اور ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچرجیسے چار عمودی شعبوں میں اپنے کاروبار کو وسعت دے دی ہے۔

ٹیلی مواصلات کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے میں ممکنہ کاروباری مواقع تلاش کرنے اور ملک میں رابطے کے بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کی غرض سے کمپنی نے انفراشیئر پرائیوٹ لمیٹڈ (Enfrashare (Private) Limited)کے نام سے ایک نئی کمپنی تشکیل دی ہے جو ملک میں لوگوںکو ایک نئے ڈیجیٹل دور کا حصہ بننے کے موقع فراہم کرے گی۔ابتدائی سرمایہ کاری کے طور پر Enfrashare مشترکہ ٹیلی کام ٹاورزکے حصول اور تعمیر، ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے اور اس سے متعلقہ خدمات کی فراہمی اورجدید ترین نیٹ ورکنگ مانیٹرنگ کی خدمات فراہم کرے گی۔

جس کیلئے کمپنی کے بورڈ نے اس شعبے میں ابتدائی طور پر 7.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔ پیٹروکیمیکل کے شعبے میں اپنی ترقی کی رفتار اور اپنے اسٹریٹیجک مقاصد کو برقرار رکھنے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی غرض سے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نیdehydrogenation پلانٹ پر تیار کی جانے والے polypropylene facility کی فزیبلٹی تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

جس سے کمپنی کو اس منصوبے کیلئے ممکنہ شراکت داروں/ حصص یافتگان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ پیٹروکیمیکل میں متوقع سرمایہ کاری سے اس شعبے کی درآمدی اور برآمدی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے ملک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اسی طرح پاکستان سے باہر کمپنی کے اثرات کو بڑھانے اور ممکنہ تجارتی مواقعوں کی تلاش کی غرض سے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اینگرو فرٹیلائزر کے مکمل ملکیتی ماتحتی اداریEngro Eximp کی100فیصد حصص 1.75ارب سے حاصل کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔

اس موقع اینگروکارپوریشن کے صدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث خان نے کہا کہ ملک کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے مقصد کے ساتھ اینگرو کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے منسلک ہے۔ توانائی، ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے، پیٹروکیمیکلز اور زراعت و خوراک کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ترقی کی رفتار بلکہ ملکی برآمدات، روزگار کے مواقعوں اورملکی صنعتی ترقی میںبھی یقینی اضافہ ہوگا۔ اینگرو کارپوریشن سچ، اعتماد اور پائیداری کی بنیاد پر اپنے شراکت داروں اور کمیونٹی کی زندگیوں کو بہتر بنانے کی غرض سے ان چار شعبوں کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں