اینگرو کارپوریشن نے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا!

کمپنی کی جانب سے ٹیلی مواصلات انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں 7.5ارب روپے کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان

جمعہ 26 اپریل 2019 18:10

اینگرو کارپوریشن نے پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا!
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل2019ء) اینگرو کارپوریشن نے 31مارچ 2019کو ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا۔فرٹیلائزر کی فروخت میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کے مجموعی منافع میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21فیصد اضافہ ہوا۔ کمپنی کا مجموعی منافع بعد از ٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کے 6837ملین روپے کے مقابلے میں 6565ملین روپے رہا۔

جبکہ مالکان کو منسوب منافع بعد از ٹیکس پچھلے سال کے اسی مدت کے 4,194 ملین کے مقابلے میں 4,010 ملین روپے رہا۔
    انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر کمپنی کابعداز ٹیکس منافع پچھلے سال کی اسی مدت کے3,146ملین روپے کے مقابلے میں 3,832ملین روپے رہاجبکہ کمپنی کی فی حصص آمدنی 7.32روپے فی حصص رہی۔کمپنی نے سال 2019کی پہلی سہ ماہی کیلئے 7.00 روپے فی حصص عبوری ڈیویڈنڈدینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)


    ملک کے بڑھتے ہوئے مسائل میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے اینگرو کارپوریشن نے طویل المدّتی حکمتِ عملی کی روشنی میں خوراک وزراعت، توانائی اور اس سے متعلقہ انفرااسٹرکچر، پیٹروکیمیکلز اور ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچرجیسے چار عمودی شعبوں میں اپنے کاروبار کو وسعت دے دی ہے۔
    ٹیلی مواصلات کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے میں ممکنہ کاروباری مواقع تلاش کرنے اور ملک میں رابطے کے بنیادی ڈھانچے میں ہونے والی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کی غرض سے کمپنی نے انفراشیئرپرائیوٹ لمیٹڈ (Enfrashare (Private) Limited)کے نام سے ایک نئی کمپنی تشکیل دی ہے جو ملک میں لوگوں کو ایک نئے ڈیجیٹل دور کا حصہ بننے کے موقع فراہم کرے گی۔

ابتدائی سرمایہ کاری کے طور پر Enfrashareمشترکہ ٹیلی کام ٹاورزکے حصول اور تعمیر، ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے اور اس سے متعلقہ خدمات کی فراہمی اورجدید ترین نیٹ ورکنگ مانیٹرنگ کی خدمات فراہم کرے گی۔جس کیلئے کمپنی کے بورڈ نے اس شعبے میں ابتدائی طور پر 7.5ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔
    پیٹروکیمیکل کے شعبے میں اپنی ترقی کی رفتار اور اپنے اسٹریٹیجک مقاصد کوبرقرار رکھنے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی غرض سے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نےdehydrogenation پلانٹ پر تیار کی جانے والے polypropylene facility کی فزیبلٹی تیار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

جس سے کمپنی کو اس منصوبے کیلئے ممکنہ شراکت داروں /حصص یافتگان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے میں مدد ملے گی۔پیٹروکیمیکل میں متوقع سرمایہ کاری سے اس شعبے کی درآمدی اور برآمدی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی جس سے ملک کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
    اسی طرح پاکستان سے باہر کمپنی کے اثرات کو بڑھانے اور ممکنہ تجارتی مواقعوں کی تلاش کی غرض سے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اینگرو فرٹیلائزر کے مکمل ملکیتی ماتحتی ادارےEngro Eximp کے100فیصد حصص 1.75ارب سے حاصل کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔


    اس موقع اینگروکارپوریشن کے صدر اورچیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث خان نے کہا کہ ملک کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے مقصد کے ساتھ اینگرو کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے منسلک ہے۔ توانائی، ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے ، پیٹروکیمیکلزاور زراعت و خوراک کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ترقی کی رفتاربلکہ ملکی برآمدات، روزگار کے مواقعوں اورملکی صنعتی ترقی میں بھی یقینی اضافہ ہوگا ۔ اینگرو کارپوریشن سچ ، اعتماد اور پائیداری کی بنیاد پر اپنے شراکت داروں اور کمیونٹی کی زندگیوں کو بہتر بنانے کی غرض سے ان چار شعبوں کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرتی رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں