نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں کے درمیان نصب بجلی کے پولز ہٹانے کا معاملہ،کے الیکٹرک وعدے سے مکر گیا

کے الیکٹرک وزیراعظم عمران خان کے کاروبار کو آسان بنانے ، برآمدات کے فروغ کے ویژن کے خلاف مصروف عمل ہے،صادق محمد

جمعہ 19 جولائی 2019 15:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ و مینجمنٹ کمپنی ( نکائی ) کے سی ای او صادق محمد نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں کے درمیان نصب بجلی کے پولز نہ ہٹانے اور کے الیکٹرک کی مسلسل غیرسنجیدگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاًدھمکی دی ہے کہ اگر کے الیکٹرک نے فوری طور پر سڑکوں کے درمیان نصب پولز نہ ہٹائے تومجبوراً نارتھ کراچی صنعتی ایریاکی سڑکوں کی تعمیر کا کام روک دیا جائے گا جس کی تمام ترمہ داری کے الیکٹرک پر عائد ہوگی۔

صادق محمد نے ایک بیان میں سندھ حکومت کی توجہ کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کی طرف مبذول کرواتے ہوئے صوبائی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے پر کے الیکٹرک سے باز پرس کرے اورکے الیکٹرک کو پابندکیا جائے کہ وہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے جاری کاموں کوبلاتاخیر سرانجام دینے میں اپنا تعاون پیش کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ 6مارچ2019کو منعقدہ مشترکہ اجلاس میں نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ و مینجمنٹ کمپنی ( نکائی ) اور کے الیکٹرک کے نمائندوں کے درمیان اتفاق کیا گیا تھا کہ ارتھ بورنگ کی اجازت کے بدلے کے الیکٹرک نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں خصوصاً زیر تعمیر روڈ 9ہزار کے درمیان نصب بجلی کے پولز ہٹائے گا لیکن کے الیکٹرک نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے صنعتی ایریا کی سڑکوں کی تعمیر کام کام تعطل کا شکار ہورہا ہے جس کے نتیجے میں برآمدی مال کی ترسیل اور صنعتوں کو خام مال کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔

سی ای او نکائی نے کے الیکٹرک کو ارسال کیے گئے خطوط کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کے الیکٹرک کو مئی اور جون میں خطوط ارسال کیے گئے جس میں ان سے درخواست کی گئی کہ وہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں سے بجلی کے پولز ہٹائیں تاکہ سڑکوں کی تعمیر کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جاسکے لیکن کے الیکٹرک نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کو ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کوئی دلچسپی نہیں ۔

اسی وجہ سے وہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں سہولیات کی بلاتعطل فراہمی اور مسائل کے حل سے آنکھیں چرا رہی ہے جو کہ وزیراعظم عمران خان کے کاروبار کو آسان بنانے اور برآمدات کو فروغ دینے کے ویژن کے خلاف ہے۔صادق محمد نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی سڑکوں کے درمیان نصب بجلی کے پولز ہٹانے کے اقدامات کرے تاکہ سڑکوں کی تعمیر کا کام جلدازجلد مکمل کیا جاسکے اور بروقت تکمیل کر کے صنعتوں کے لیے برآمدی مال کی بلا رکاوٹ ترسیل اور خام مال کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کی جاسکیںبصورت دیگر نارتھ کراچی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ و مینجمنٹ کمپنی ( نکائی ) جلداپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں