حکومت نے ایک سال میںسیاسی میدان میںبڑی کامیابیاں حاصل کیں،میاں زاہد حسین

سفارتی محاذ پر بریک تھرو،عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگرہواجبکہ پاک امریکہ تعلقات بہتر ہوئے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

پیر 19 اگست 2019 17:54

حکومت نے ایک سال میںسیاسی میدان میںبڑی کامیابیاں حاصل کیں،میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی مجموعی طور پر ملی جلی رہی ہے۔سیاسی میدان میںاہم کامیابیاں حاصل کی گئیں، سفارتی محاذ پرمتعدد اہم کامیابیاں ملیں،عرب ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے، مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر ہوا جبکہ پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کے آثار پیدا ہوئے ہیں۔

میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے کئی مشکل مگر حقیقت پسندانہ فیصلے کئے ہیں اور بڑے عرصہ بعد حکومت اور فوج کے مابین محاذ آرائی کا خاتمہ ہوا ہے جس سے دنیا کو مثبت پیغام گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سال میں حکومت کی کرپشن کا کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت کی نیت اچھی ہے تاہم بعض شعبوں میںمنصوبہ بندی کا فقدان نظر آیاہے۔

حکومت نے کرپشن کے خلاف قابل قدر مگر متنا زعہ اقدامات کئے ہیں جس کے اثرات سے سیاست سمیت مختلف شعبوں میں بدعنوانی کم ہو جائے گی جو ملکی ترقی کے لئے اہم ہے تاہم سیا سی محاذ آرائی بڑھ رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی کامیاب رہی ہے، فاٹا کا انضمام ایک بڑی کامیابی ہے، کفایت شعاری اختیار کی گئی ہے، غربت کے خاتمے کے لئے احساس پروگرام، بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہ پروگرام اور ماحولیاتی بہتری کے لئے شجر کاری پروگرام بہتر رہے ہیں۔

سیاحوں کیلئے گلگت، بلتستان اوردیگر مقامات کیلئے درکارNOCکی شرط کو ختم کردیا گیا جبکہ 68ممالک کیلئے بز نس ویزا کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا جس سے پاکستان میں سیا حت کے ساتھ ساتھ کاروبار اور سرمایہ کاری میں بھی اضا فہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا فیصلہ اور اس پر عمل درآمد ایک بڑا فیصلہ تھا جس سے پاک بھارت تعلقات میں دوررس نتائج سامنے آئیں گے جبکہ پوری دنیا کی سکھ برادری سے پاکستان کے تعلقات بہتر ہونگے اور سکھ یاتریوںسے زرمبا دلہ بھی حاصل ہوگا ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس کے نظام میں بھی بنیادی تبدیلیوں کی کوششیں شروع کر رکھی ہیں جن میں کامیابی سے ملک اپنے پیروں پر کھڑا ہونا شروع ہو جائے گا اس ضمن میں تاجر برادری کو حکومت کا سا تھ دینا چا ہئے ۔ معیشت کے محاذ پر کمزوری دکھائی گئی ہے،ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوااور مہنگائی پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ترقیاتی بجٹ میں400 ارب کا اضافہ کیا گیا،پاکستان پوسٹ ، پی ٹی وی اور کئی ادارے منافع میں آ گئے ہیں، پی آئی اے بہتری کی طرف گامزن ہے تاہم سفید ہاتھیوں کو بیچا نہیں جا سکا۔

ٹیکس چوری کے کلچر پر ضرب لگائی گئی جس سے گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں 10 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا جبکہ خسارے میں 15 فیصد کمی آئی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔حکومتی دعوں کے مطا بق حکومت نے ملک کو معاشی بحران سے نکال لیا ہے اور اب اسے غریب ،متوسط طبقہ اور کاروباری برادری کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں