ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کا نفاذاہم پیش رفت ثابت ہوگا، شیخ عمر ریحان

وزیر اعظم اور معاشی ٹیم نے معاہدے پر بروقت عمل درآمد کیلئے قابل تحسین کوششیں کیں، مقامی سطح پر صنعتوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے، صدر کاٹی

جمعہ 15 نومبر 2019 00:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) کورنگی ایسویسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان اور چین کے مابین آزاد تجارتی معاہدے کا نفاذ ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اوران کی معاشی ٹیم نے چین پاکستان ایف ٹی اے ٹو کو یکم دسمبر 2019سے نافذ العمل کرنے کے لیے قابل تحسین کوششیں کیں، اکتوبر میں اپنے دورہٴ چین میں بھی وزیر اعظم نے اس معاہدے سے متعلق امور میںذاتی دلچسپی لی جو ملکی معیشت میں بہتری کے لیے ان کی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے پر عمل درآمد کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر، صنعتی شعبے کی نمو اور روزگار کے مواقع جیسے فوائد بھی حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم کی کوششوں سے پاکستان کے تجارتی توازن میں بہتری آنا شروع ہوئی اور اس معاہدے کے نفاذ کے بعد چین کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا تواز ن مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے ایس ایم ایز سیکٹر کو ترقی دینے کی جامع پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، بالخصوص زراعت ، لائیو اسٹاک اور خوراک کی پیدوار سے متعلق چھوٹے پیمانوں پر صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے معاشی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ صدر کاٹی کا مزید کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ملکی صنعتوں کی پیدواری لاگت میں کمی اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، حکومت نے اس سلسلے میں کچھ درست قدم اٹھائے ہیں تاہم برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے مزید بہتری کی گنجائش ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں