ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کو اینٹ فنانشل سے 70 ملین امریکی ڈالر کی دوسری سرمایہ کاری قسط موصول

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) ٹیلی نار گروپ کے ذیلی ادارے ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک(TMB) کو ٹیلی نار گروپ اور اینٹ فنانشل سروسز گروپ (ANT) کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کے تحت 70 ملین امریکی ڈالر کی دوسری قسط موصول ہو گئی ہے۔ جس کا مقصد ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی موبائل ادائیگیوںاور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو مزید فروغ دینا ہے۔

ٹیلی نار گروپ اور اینٹ فنانشل کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کا اعلان مارچ 2018 میں کیا گیا تھا۔ جس کے تحت اینٹ فنانشل ،ٹیلی نار مائکرو فنانس بینک میں 45 فیصد حصص کے لئے 184.5 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔ دوسری قسط کی ادائیگی سے پلیسمنٹ مکمل ہو گئی ہے اور ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے اور اس کے ذریعے ڈیجیٹل بینکاری میں تیزی سے اضافہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک پاکستان میں مالی شمولیت کو بڑھانے کے وسیع مواقع پیدا کررہا ہے۔ پاکستان کی تقریبا 10کروڑ آبادی اس وقت بھی بینکاری سے استفادہ نہیں کرتی ، جو عام عوام اور چھوٹے کاروبار دونوں کے لئے مشکلات کا باعث ہے۔ اینٹ فنانشل کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری پاکستان میں کسی بھی بینک کے لئے ایک قابل قدر بین الاقوامی سرمایہ کاری ہے اور اس سے ایزی پیسہ کو اپنی خدمات کی توسیع میں مزید سہولت ملے گی اور پاکستان میں زیادہ سے زیادہ صارفین اور چھوٹے کاروباروں کو جامع مالی خدمات دستیاب ہوں گی، جس میں ڈیجیٹل بینکنگ اور کریڈٹ خدمات شامل ہیں۔

اس موقع پر ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے صدر اور سی ای او محمد مدثر عاقل نے کہاکہ اس سرمایہ کاری سے ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی بنیاد مزید مستحکم ہوئی ہے اور ہم پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم بننے کے لیے کوشاں ہیں۔ ایزی پیسہ کے ذریعہ 30 ملین سے زائدصارفین کو خدمات کی فراہمی کے بعدبھی ہم سمجھتے ہیں کہ ابھی مزید ترقی کی گنجائش موجود ہے۔ ہم پاکستانی مارکیٹ میں بہترین مالی خدمات لانے کے لئے پرعزم رہیں گے۔ ڈیجیٹل بینکاری خدمات میں توسیع کے لئے پاکستان کے پاس نمایاں مواقع موجود ہیں۔ ملک اس وقت بھی مالی شمولیت کی بہت نچلی سطح پر ہے، اور ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کا مقصد صارفین کی ضروریات کے مطابق بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں