کراچی چیمبر کا بحریہ ٹاؤن کے الاٹیز، ممبران کو درپیش مشکلات پر اظہار تشویش

پیر 27 جنوری 2020 17:49

کراچی چیمبر کا بحریہ ٹاؤن کے الاٹیز، ممبران کو درپیش مشکلات پر اظہار تشویش
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی ای) کے قائمقام صدر ارشد اسلام اور کے سی سی آئی کی ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ریئل اسٹیٹ سب کمیٹی کے چیئرمین آصف سم سم نے زور دیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن منصوبے کے حوالے سے اضافی چارجز اوربے ضابطگیوںسے متعلق مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جائیں کیونکہ یہ نہ صرف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس، سرمایہ کاروں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بلکہ ایسے ہزاروں افراد کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے جنہوں نے اپنی زندگی بھرکی کمائی اور بچت سے بحریہ ٹاؤن میں محفوظ اور اچھے محل وقوع میں اپنے ذاتی گھر کے حصول کے لیے سرمایہ کاری کی جو کہ ظاہر ہے ہر شخص کی زندگی کاسب سے بڑا خواب ہوتا ہے۔

پیر کو جاری کردہ اپنے اعلامیہ کے مطابق کے سی سی آئی کی ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ریئل اسٹیٹ سب کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر ارشد اسلام اور چیئرمین آصف سم سم نے بحریہ ٹاؤن کے الاٹیزو ممبران کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو سمجھداری سے صورتحال سے نمٹنا ہوگا بصورت دیگریہ ایک اور سنگین جعلسازی منصوبہ ثابت ہوگا جو نہ تو بحریہ ٹاؤن اور نہ ہی ریئل اسٹیٹ ایجنٹس، سرمایہ کاروں اور عام عوام کے مفاد میں ہے جنہیں اپنی زندگی کی کمائی ڈوبنے کا ڈر ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کوئی بھی بحریہ ٹاؤن کو ڈوبتا دیکھنے کا متحمل نہیں ہوسکتا جس سے نہ صرف بحریہ ٹائون بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول الاٹیز اور سرمایہ کاروں کو بڑا دھچکا لگے گا لہٰذا اس منصوبے میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کو محتاط طریقے سے دور کیا جانا چاہیے اور پریشان حال لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے نائب صدر شاہد اسماعیل،ڈپٹی چیئرمین محمد الطاف طائی،سینئر وائس چیئرمین سب کمیٹی راحیل ہارون، سابق صدر کے سی سی آئی جنید اسماعیل ماکڈا، مشیر سب کمیٹی عبدالرحمان نقی، وائس چیئرمین سب کمیٹی ممتاز احمد شفیق ودیگر بھی موجود تھے جبکہ آل کراچی ریئلٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور صدر ایم رحمن، گوادربلڈرزوڈیولپرز ایسوسی ایشن کے صدر احمد اقبال بلوچ اورنائب صدر آصف مون،وائس آف اوورسیز کے صدر میجر ریٹائرڈ ہارون رشیداور ڈیفنس ،کلفٹن ایسوسی ایشن آف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کے وفد میں شامل امتیاز صدیقی، لیاقت عبداللہ اور آصف کریم کے علاوہ ریئل اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والی کئی ممتاز شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ارشد اسلام اور آصف سم سم نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیساں اور حکمت عملی وضع کی جائے جس سے بحریہ ٹاؤن میں بلاتعطل سرگرمیوںکو یقینی بنایاجاسکے۔نہ صرف بحریہ ٹاؤن بلکہ دیگر تمام ڈیولپرز بھی لازمی طور پر ایسے اقدامات سے گریز کریںجس سے سرمایہ کاروں اور عوام کا اعتماد مجروح ہو اوران کی سرمایہ کاری ڈوب جائے۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت، مقامی متعلقہ حکام اور بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کو صورتحال کو سنجیدگی سے بہتر بنانا ہوگا۔ کراچی چیمبر ملک کے پریمیئر چیمبر کی حیثیت سے اس مسئلے کی پیش رفت پرکڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر عوام کے ساتھ ناانصافی کی گئی تو کراچی چیمبر عوام کی مضبوط آواز بن کر اس مسئلے کو اجاگر کرے گا اور مدد کے لیے ہر دروازے پر دستک دے گا۔

ارشد اسلام نے کہا کہ کے سی سی آئی بی ایم جی کے چیئرمین سراج قاسم تیلی کی عوامی خدمت کی پالیسی کے تحت ہر اس معاملے میں مداخلت کرتا رہاہے جس سے اس شہر کی تاجروصنعتکاربرادری اور عوام براہ راست متاثر ہوں۔ ہم نہ تو بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کے خلاف ہیں اور نہ ہی کسی کی طرف داری کررہے ہیں لیکن ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوگی کہ اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے جو شہر کے بہتر ترین مفاد میں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں