پاکستان کوعالمی سطح پر مارکیٹنگ بارے مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے پیداوار کو جدید سائنسی خطوط پر مستحکم کرنا ہوگا،افتخارملک

پیر 24 فروری 2020 23:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر زیادہ سے زیادہ منافع اور ملک کے لیے زر مبادلہ کمانے کے ساتھ ساتھ عالمی منڈیوں میں وسیع تر جگہ بنانے کے لیے اپنی مصنوعات کا معیار بین الاقوامی سطح پر لائیں،پاکستان کوعالمی سطح پر مارکیٹنگ بارے مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے پیداوار کو جدید سائنسی خطوط پر مستحکم کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کوپاکستان ایسوسی ایشن آف آٹومیٹوپارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچررزکے زیر اہتمام ایکسپو 2020 کے دوران اپنی مصنوعات کی نمائش کرنے والے تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔انھوں نے برانڈز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی تاجروں اور کاروباری شعبے کے لیے اپنی برانڈز کو بہتر بنانے کے لیے شاندار موقع ہے ، عالمی سطح پر مارکیٹنگ بارے مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے پیداوار کو جدید سائنسی خطوط پر مستحکم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے فضل سے پاکستانی تاجر بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ کے ایف سی، میکڈونلڈ، گوارڈ، باٹا، سروس اور چین ون کی طرح اپنی مصنوعات سامنے نہیں لاتے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ نجی شعبے کو اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے آگے آکر جنگی بنیادوں پر اپنی مصنوعات کو فروغ دینا ہوگا بصورت دیگر پڑوسی ممالک بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی اجارہ داری جاری رکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس، ٹیکسٹائل، فروٹ، سبزیوں، ہینڈی کرافٹس اور متعدد دیگر شعبوں میں بہترین مصنوعات تیار کررہا ہے لیکن انھیں اپنے برانڈ کے طور پر برآمد نہیں کیا جاتا، ہمیں صرف اپنی مصنوعات تیار ہی نہیں کرنی بلکہ اعلی معیار کا حامل بھی بنانا ہے اور یہ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، بالخصوص نوجوان تاجروں کی حوصلہ افزائی کرکے ملک میں پیداواری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔

افتخار علی ملک نے حکومت سے اپیل کی کہ مارکیٹ ریسرچ کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی برآمد کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرائے ، بیرون ملک نئے منڈیوں کی تلاش اور وہاں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے پاکستانی مشنز کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں