ٹیکسٹائل واسپنگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث مستحکم رہا

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 9000 روپے کے بھا ؤپر مستحکم رکھا

ہفتہ 29 فروری 2020 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل واسپنگ ملز کی جانب سے روئی کی خریداری میں عدم دلچسپی اور جنرز کی طرف سے بھی اچھی روئی کے زیادہ بھاؤ طلب کرنے کی وجہ سے ملا جلا رجحان پایا گیا۔ کاروباری حجم بھی نسبتا نہایت کم ہوا۔ روئی کا بھاؤ بھی نسبتا مستحکم رہا۔ جمعرات سے پاکستان میں بھی کرونا وائرس کی بازگشت کے سبب گھبراہٹ کا عالم رہا جس کے باعث کاروبار متاثر ہونے لگا۔

ملوں کی دلچسپی مزید کم نظر آئی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی آئندہ دنوں میں اس کے مزید منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا کیونکہ درآمدات و برآمدات بھی متاثر ہوگی جس کے باعث ٹیکسٹائل مصنوعات کاٹن یارن وغیرہ کی برآمدات متاثر ہوگی ان وجوہات کے سبب آئندہ دنوں میں کاروباری صورتحال ناگفتہ بہ رہنے کا خدشہ منڈلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ہفتے کے دوران صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 6800 تا 9000 روپے پھٹی جو قلیل مقدار میں دستیاب ہے کی قیمت فی 40 کلو 2400 تا 4000 روپے جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھا ؤفی من 7000 تا 9100 روپے رہا پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 2800 تا 4300 روپے رہا بنولہ، بنولہ کھل اور تیل کی قیمتیں بھی نسبتا کم رہی۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 9000 روپے کے بھا ؤپر مستحکم رکھا۔کراچی کاٹن بروکرزفورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ کورونا وائرس کے سبب پوری دنیا کا کاروبار متاثر ہوگیا ہے کاٹن مارکیٹ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھا 8 امریکن سینٹ کم ہو کر 61 سینٹ کی نچلی سطح پر آگیا۔ چین میں غیر یقینی صورتحال ہے جبکہ بھارت میں روئی کے بھا ؤمیں مندی کا رجحان برقرار ہے۔نسیم عثمان کے مطابق ہفتے کے دوران مقامی طور پر کاٹن کی کاشت اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے متعلق دو مثبت خبریں سامنے آئی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں