ایف پی سی سی آئی میں وائرس زدہ ٹولہ مسلسل سازشوں میں مصروف ہے،گلزارفیروز

عہدے کی معیاد ایک سال کے بجائے دوسال کروانا گڈے گڑیا کا کھیل نہیں ہے،ترجمان اعلیٰ یو بی جی

بدھ 8 جولائی 2020 19:03

ایف پی سی سی آئی میں وائرس زدہ ٹولہ مسلسل سازشوں میں مصروف ہے،گلزارفیروز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے ترجمان گلزارفیروزنے کہا ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)میں برسراقتدار کروناوائرس زدہ ٹولہ اپنے اقتدار کے 6ماہ مایوس کن کارکردگی کے سلسلے میں وزارت تجارت کے بعض افسران اور ڈی جی ٹی او کے بل بوتے پر اپنی مدت ایک سال مزید بڑھوانے کی جدوجہد میں مصروف ہے لیکن پاکستان کی 90فیصد بزنس کمیونٹی نے نہ صرف ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کی جانب سے کی جانے والی ان کوششوں کی سخت مخالفت کی ہے بلکہ بدترین کارکردگی کے حامل فیڈیشن کے صدر اور انکی ٹیم کو فیڈریشن کی تاریخ کی ناکام ترین قیادت کا خطاب دے دیا ہے۔

ترجمان یو بی جی گلزارفیروز نے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سے اپیل کی ہے کہ وہ فیڈریشن کے موجودہ صدر اور انکی ٹیم کی جانب سے فیڈریشن کے عہدوں کی مدت دوسال کرانے کی کوششوں کو کامیاب نہ ہونے دیں ۔

(جاری ہے)

گلزارفیروز نے کہا کہ ماضی میں بھی دوسال کے صدر کی کوششیں ناکام ثابت ہوئی تھیں اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی آڑ لے کر اپنے عہدے کی معیاد میں اضافہ کرالے گا تو یہ اسکی خام خیالی ہے کیونکہ یہ کام پارلیمنٹ سے اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتا جبکہ پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ اداروں نے بھی اسکی مخالفت کردی ہے۔

گلزارفیروز نے کہا ہے کہ کچھ تجارتی حلقوں میں یہ بات گردش کررہی ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر انجم نثار ازخود اس کوشش میں ہیں کہ انکی صدارت کی مدت ایک سال سے بڑھا کر دوسال کردی جائے اور اگر وہ ایسا کررہے ہیں تو انہیں پتہ ہونا چاہیئے کہ کہ یہ کوئی گڈے اور گڑیا کا کھیل نہیں ہے اس لئے وہ اپنی بچکانہ حرکتوں سے باز آجائیں۔گلزارفیروز نے یہ بھی کہا کہ ایک سے دوسرے گروپ میں قلابازیاں کھانے والے ایک شخص کیپٹل آفس میں بیٹھ کر فیڈریشن کے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے لیڈران کے خلاف بیانات دیتا رہتا ہے جبکہ اسکا اپنا کردار بھی مشکوک ہے اور دنیا جانتی ہے کہ کئی کیسز میں انکا نام ہے ،ایسے افراد ایف پی سی سی آئی کیبدنامی کا سبب ہیں۔

یو بی جی کے ترجمان نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں براسراقتدار گروپ کی جانب سے پاکستان کی تجارتی تنظیموں،چیمبرز اور ایسوسی ایشنزکے سالانہ انتخابات ملتوی کرانے کی مہم انکی ناقص کارکردگی چھپانے کی ایک کوشش ہے جسے بزنس کمیونٹی کی اکثریت ناکام بنا دے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں