امازون کمپنی کو پارسل ڈلیوری کے لیے ڈرون طیارے استعمال کرنے کی اجازت

بھرپور تربیت حاصل کی گئی ہے، ڈرون طیاروں کے ذریعے ڈلیوری کا آپریشن محفوظ ہو گا،سربراہ امازون

منگل 1 ستمبر 2020 16:00

امازون کمپنی کو پارسل ڈلیوری کے لیے ڈرون طیارے استعمال کرنے کی اجازت
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2020ء) امریکا میں ہوابازی کی وفاقی انتظامیہ کے مطابق امازون کمپنی نے اپنے ڈلیوری ڈرون طیاروں کے آپریشن کے لیے منظوری حاصل کر لی ہے۔ اس اہم پیش رفت کے نتیجے میںپرائم ائیر کے زیر انتظام مذکورہ ڈرون (بغیر انسان کے چلنے والی)طیاروں کے استعمال کے ذریعے اپنی ڈلیوری کے دائرہ کار کو وسیع کر سکے گی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی انتظامیہ نے بتایا کہ اب امازون کمپنی کے چھوٹے ڈرون طیاروں کو پارسلوں کے پیکٹ لے کر جانے کی اجازت ہو گی۔دنیا کے سب سے بڑے آن لائن اسٹور امازون کا کہنا تھا کہ وہ ہوابازی کی وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جاری سرٹفکیٹ کو صارفین تک ڈلیوری جانچنے کے آغاز کے لیے استعمال میں لائے گی۔ کمپنی نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں بھرپور تربیت حاصل کی گئی ہے اور اس بات کی تفصیلی دلائل پیش کیے گئے ہیں کہ ڈرون طیاروں کے ذریعے ڈلیوری کا آپریشن محفوظ ہو گا۔

(جاری ہے)

پرائم ایئر کے نائب سربراہ ڈیوڈ کیربون نے ایک بیان میں کہا کہ ہوابازی کی وفاقی انتظامیہ کی جانب سے حاصل ہونے والا سرٹفکیٹ آگے کی جانب بڑھنے کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ یہ ڈرون طیاروں کے ذریعے امازون کمپنی کے ڈلیوری آپریشن پر انتظامیہ کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ ایک روز ہم ساری دنیا میں ڈلیوری کے لیے ڈرون طیارے استعمال کر رہے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں