خوراک کی قیمتیں ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن رہی ہیں،وزیر اعظم کی ہدایات نظر انداز کرنے والوں کو فارغ کیا جائے،میاں زاہدحسین

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 15:04

خوراک کی قیمتیں ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن رہی ہیں،وزیر اعظم کی ہدایات نظر انداز کرنے والوں کو فارغ کیا جائے،میاں زاہدحسین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اشیائے خوردو نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتیںعوام کو مشتعل کر رہی ہیں جو ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔مافیا نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لئے عوام کی قوت خرید ختم کر کے انکی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ لاکھوں افراد فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سی6 ماہ قبل گندم کی درآمد کی ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا جبکہ مافیا کے خلاف کاروائی بھی نہیں کی گئی جس سے انکا حوصلہ آسمان سے باتیں کرنے لگا جو عوام دشمنی ہے جس کے بعد فوڈ بیوروکریسی اور دیگر اداروں کے متعلقہ حکام کے خلاف کاروائی ضروری ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ فروری کے مہینے میں بھی وزیر اعظم نے ہر قیمت پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل نہیں ہو سکا۔

حال ہی میں ایک وفاقی وزیر نے بھی قیمتوں میں کمی کرنے کے لئے اقدامات کا وعدہ کیا جس پر عمل درآمد نہ ہو سکا جس سے عوام کو یہ تاثر ملا ہے کہ حکومت کچھ کرنا نہیں چاہتی یا کرنے کی اہل ہی نہیں ہے جو ذخیرہ اندوزوں کے لئے اچھی خبر ہے۔حکومت کے اہم عہدیدار ایک طرف عوام کو بتا رہے ہیں کہ بین الاقوامی منڈی میں گندم چینی اور دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں جبکہ دوسری طرف کہہ رہے ہیں کہ یہی اشیاء درآمد کر کے سستے داموں بغیر کسی سبسڈی کے عوام کو فراہم کی جائیں گی جو سمجھ سے بالا تر ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے اپوزیشن، موسم، بارشوں، ٹڈی دل،منافع خوروں اور پیداوار کی کمی پر ملبہ ڈالا جا رہا ہے اور کبھی ٹائیگر فورس کی مدد سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے انتشار کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہورہا ہے۔عوام کو تسلیوں کی نہیں حقیقی ریلیف کی ضرورت ہے جس کے دور دور تک کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں جس نے حکومتی اہلکاروں کی اہلیت اور نیت کے بارے میں سوالات کھڑے کر دئیے ہیں جس کے تدارک کے لئے وزیر اعظم کو سخت اقدا مات اٹھانا ہونگے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں