ایمریٹس کا جنوبی افریقہ میں مسافروں کے زیادہ سفری مقامات کے انتخاب کے لئے فلائی ساف ایئر سے اشتراک

پیر 23 نومبر 2020 23:31

ایمریٹس کا جنوبی افریقہ میں مسافروں کے زیادہ سفری مقامات کے انتخاب کے لئے فلائی ساف ایئر سے اشتراک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) ایمریٹس ایئرلائن اور فلائی ساف ایئر نے انٹرلائن معاہدہ کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت جنوبی افریقہ میں فلائی ساف ایئر کے نیٹ ورک کے منتخب روٹس پر صارفین کے لئے نئے سفری مقامات کھل گئے ہیں۔ اس معاہدے کے ذریعے ایمریٹس اور فلائی ساف ایئر کا منصوبہ یہ ہے کہ سنگل ٹکٹ سے سفر آسان بنایا جائے اور اسکے ساتھ ساتھ ایمریٹس کے تین گیٹ ویز جوہانسبرگ، کیپ ٹاؤن اور ڈربن سے مسافروں کے سامان کی ٹیگنگ کے ذریعے جنوبی افریقہ میں فلائی ساف ایئر کے اہم مقامات جیسے پورٹ ایلزبتھ، ایسٹ لندن اور جارج میں سامان کی منتقلی میں سہولت فراہم کی جائے۔

صارفین دبئی میں اپنی واپسی کی پرواز لیتے وقت اپنی ابتدائی منزل سے پیچھے ہٹے بغیر فلائی ساف ایئر کے مقامات کے سفر سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

صارفین اسکے دفاتر اور ٹریول ایجنسیز سے بکنگ کراسکتے ہیں۔ ایمریٹس کے کمرشل آپریشنز برائے افریقہ کے سینئر وائس پریذیڈنٹ ، بدر عباس نے کہا، "فلائی ساف ایئر کے ساتھ انٹرلائن اشتراک کے آغاز پر خوش ہیں۔

ان کا نیٹ ورک جنوبی افریقہ میں ہماری موجودگی سے مل جاتا ہے جس سے ہمارے صارفین کو مختلف طرح سے رابطے کی سہولت حاصل ہوگی اور اس وجہ سے یہ ایک فطری اشتراک ہے۔ ہم نئے سفری مواقع سامنے لائیں گے اور مقامی سطح پر سفر کے لئے صارفین کو مزید انتخاب کا موقع فراہم کریں گے۔ ہم اکھٹے مل کر کام کرنے اور مستقبل میں اپنا تعلق مستحکم رکھنے کے لئے پرامید ہیں۔

فلائی ساف ایئر کے چیف مارکیٹنگ آفیسر کربی گورڈن نے کہا، "آج ہم ایمریٹس ایئرلائن کے ساتھ انٹرلائن معاہدے کے آغاز کا اعلان کرنے پر پرجوش ہیں۔ ایمریٹس کی پیش کردہ خدمات اور روٹ کا وسیع نیٹ ورک دنیا بھر میں مانا جاتا ہے اور ہمیں صارفین کو زیادہ بہتر انداز سے سفر کے لئے رابطے فراہم کرنے کے لئے ان کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔ایمریٹس نے جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن میں یکم اکتوبر اور ڈربن میں 8 اکتوبر کو اپنے آپریشنز کا آغاز کیا۔

ایئرلائن اس وقت جنوبی افریقہ میں ہفتہ وار 17 پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔ ایمریٹس نے دوران سفر اور آن گراؤنڈ تمام ٹچ پوائنٹس میں حفاظتی اقدامات بڑھا دیئے ہیں۔ ایئرلائن نے براستہ دبئی دنیا کے تقریبا 100 مقامات کے سفر کی سہولت فراہم کرکے مسافروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایمریٹس ایئرلائن جنوبی افریقہ میں فلائی ساف ایئر کے ساتھ اس طرح کی شراکت داریوں کے ذریعے مزید رابطوں کے مواقع قائم کررہی ہے جس سے صارفین کو سفر میں مزید آسانی اور سہولت میسر آئے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں