کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جاز پاکستان موبائل کمیونی کیشن لمیٹڈ کا باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2021ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) اور جاز پاکستان موبائل کمیونی کیشن لمیٹڈ (پی ایم سی ایل) نے باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کے مطابق جاز ٹیکس کے بغیر بل کی رقم پر کے سی سی آئی ممبران کو 35 فیصد رعایت فراہم کرے گا نیز ایم او یو فوری طور پرمؤثر ہوگا ۔

کے سی سی آئی میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرا اور ریجنل ہیڈ بی ٹو بی جاز عاصم ارشاد نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ایم ثاقب گڈ لک، نائب صدر شمس الاسلام خان، نائب صدر و ریجینل بزنس ہیڈ جاز علی فہد احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ایم او یو کے مطابق کے سی سی آئی اور جاز نے کاروباری تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا جس کے تحت کراچی چیمبر کے مستند ممبران سمیت موجودہ صارفین جی ایس ایم آفر اور ڈیٹا کے استعمال کے علاوہ ڈیوائسز پر مناسب رعایت حاصل کرسکیں گے جس پر اطلاق جاز اور کے سی سی آئی کی ممبران کے درمیان سروس کنٹریکٹ ہونے کے بعد ہی ہوگا ۔

(جاری ہے)

ہر کمپنی کو رعایت حاصل کرنے کے لیے جاز کے ساتھ کے سی سی آئی کی ممبرشپ کا ثبوت یا خط پیش کرنا ہوگا جبکہ تمام لائنیں متعلقہ کمپنی کے نام، کے سی سی آئی ممبر کے نام پر ایکٹیو ہوں گی اور کمپنی 100 فیصد ماہانہ بل کی ادائیگی کی ذمہ دار ہوگی۔صدر کے سی سی آئی شارق وہرا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ بہت پُر امید ہیں کہ جس طرح جاز اپنی بہتر ساکھ اور معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کو خدمات فراہم کررہی ہے اسی طرح کے سی سی آئی کے ممبران بھی یقیناً اپنی ضروریات کے مطابق رعایتی نرخوں پر بہت بہتر اور مرضی کی خدمات حاصل کریں گے۔

ایم او یو پر دستخط کے بعد جاز نہ صرف کے سی سی آئی ممبران کو اپنی خدمات پیش کرسکتا ہے بلکہ کے سی سی آئی کے ملک کے تمام چیمبرز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے ساتھ بہترین تعلقات سے بھی لطف اندوز ہوسکتا ہے۔کراچی چیمبر ان تمام ٹریڈ باڈیز کو ان کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے جاز کی مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ صارفین خصوصا ًتاجر وصنعتکار برادری جدید سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں۔

ریجنل ہیڈ بی ٹو بی جاز عاصم ارشاد نے ایم او یو کے تحت کے سی سی آئی کے ممبران کو پیش کی جانے والی مصنوعات اور خدمات کی کچھ نمایاں خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان بھر کے دیگر چیمبرز تک رسائی کے لیے کے سی سی آئی کی مدد طلب کی تاکہ انہیں بھی اسی طرح کی خدمات پیش کی جاسکیں۔# #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں