کیپٹو پاور کی گیس بندش سے پیداوار، روزگار اور برآمدات متاثر ہونگی: میاں زاہد حسین

بجلی کا سال خوردہ انفراسٹرکچرصنعتوں کو متواتر بجلی سپلائی کرنے کے قابل نہیں، لاکھوں افراد بے روزگار، ملکی ساکھ خراب ہو سکتی ہے

پیر 25 جنوری 2021 17:36

کیپٹو پاور کی گیس بندش سے پیداوار، روزگار اور برآمدات متاثر ہونگی: میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2021ء) ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کیپٹو پاورکی صنعتوں کو گیس کی بندش سے پیداوار ،روزگار اور برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔اس سے حکومت کی آمدنی، ٹیکس اہداف اور زرمبادلہ کے ذخائر پر منفی اثر پڑے گا۔

کیپٹو پاور پلانٹس کی گیس بند کر کے صنعتوں کو قومی گرڈ سے منسلک کرنے پر نظرثانی کی جائے کیونکہ بجلی کا سال خوردہ انفراسٹرکچرصنعتوں کو متواتر بجلی سپلائی کرنے کے قابل نہیں ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کو گیس کی بندش سے ملک میں گیس کی قلت کی مجموعی صورتحال پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا تاہم اس سے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر میں کام کرنے والے تین لاکھ افراد بے روزگار ہو جائیں گے جبکہدیگر صنعتیشعبوں میں بھی ملازمتیں اور برآمدی صنعتوں کی سپلائی چین شدیدمتاثر ہوگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب برآمدی صنعت کو کئی دہائیوں بعد انکی توقعات سے زیادہ برآمدی آرڈر مل چکے ہیں اور برآمدی شعبہ نے اپنی استعداد بڑھانے اور کارخانوں میں اربوں روپے لگا کر توسیع کی ہے جو سب ضائع ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار ترسیل اور تقسیم کا نظام انتہائی ناقص ہے جو بیس فیصد سے زیادہ پیداوار کو ضائع کر رہا ہے جس نے تقریباً ڈھائی کھرب کے گردشی قرضہ کو جنم دیا ہے۔

اس قرضہ کو کم کرنے کے لئے چوری روکنے اور اصلاحات کی ضرورت ہے نہ کہ صنعتی شعبہ کو قربانی کا بکرا بنانے کی۔سرکاری بجلی کی آنکھ مچولی صنعتوں میں حال ہی میں لگائی جانے والی قیمتی مشینری کو خراب کر رہی ہے جس سے پیداواری عمل رک رہا ہے جبکہ بار بار کی مرمت کی وجہ سے کاروباری لاگت بڑھ رہی ہے جبکہ برآمدی آرڈروں کی بر وقت تکمیل نہ ہونے سے ملکی ساکھ بھی خراب ہوگی۔ برآمدی صنعت اور دیگر صنعت کاروں کو چائیے کہ اپنا ایل این جی ٹرمینل بنا کر اس مسئلے سے ہمیشہ کے لئے جان چھڑوا لیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں