بجلی کا شعبہ مشکلا ت کی طرف بڑھ رہا ہے: میاں زاہد حسین

امید ہے چین پاکستان کو مشکلات سے نکال لے گا، وزیر اعظم اور آرمی چیف خود اس معاملہ کو دیکھ رہے ہیں

پیر 1 مارچ 2021 15:21

بجلی کا شعبہ مشکلا ت کی طرف بڑھ رہا ہے: میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ2021ء) ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی اور غلط معاہدوں کی وجہ سے بجلی کا شعبہ بہت بڑی تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ عوام اور کاروباری برادری کو امید ہے کہ دوست ملک چین پاکستان کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اسے مشکلات سے نکالنے میں مدد دے گا۔

حکومت اور آئی پی پیز کے مابین بجلی سستی کرنے کے معاملہ پر مذاکرات پایہ تکمیل پر پہنچ گئے ہیں جس سے ملک کو سالانہ بیالیس ارب روپے تک کا فائدہ ہو گا ۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے بعد حکومت نے چینی کمپنیوں سے بجلی گھروں کا ٹیرف اور استعدادی چارجزوغیرہ کم کرنے پر بات چیت شروع کر دی ہے جو انتہائی خوش آئند اور ملکی مفادات کے عین مطابق ہے۔

(جاری ہے)

سی پیک کے تحت سولہ ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں جس میں سے ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ کے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل سے پاکستان میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے پچاس فیصد تک بڑھ جائے گی جبکہ ملکی معیشت پر پڑنے والے بوجھ میں کئی سو ارب روپے کا اضافہ ہو جائے گا۔اس مسئلے کی اہمیت کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس معاملہ کو خود دیکھ رہے ہیں اور امید ہے کہ عوام کو خوشخبری ملے گی۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ دس ہزار چار سو میگاواٹ کے بجلی گھروں کیلئے لیے گئے قرضے دس سال میں واپس کرنا ہونگے تاہم حکومت کوشاں ہے کہ اس کی معیاد بیس سال کر دی جائے جبکہ سود میں بھی خاطر خواہ حدتک کمی کر دی جائے۔ان امور میں کامیابی کی صورت میں ملک کو پانچ سو ملین ڈالر تک کی بچت ہو گی جبکہ عوام کے لئے بجلی سستی ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔ انھوں نے مذید کہا کہ سستی بجلی کے بغیر اقتصادی ترقی کے تمام اقدامات لاحاصل رہیں گے اور پیداوار و برآمدات مہنگی ہوتی رہیں گی اس لئے کاروباری برادری حکومت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے سراہتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں