تاجر الائنس کا بجلی کے بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کی تجویز کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان

کراچی کی عوام کو لوٹنے کا منصوبہ کبھی کامیاب نہیںہونے دیں گے، عوام سے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی چارجز کی وصولی بے رحمی کی انتہا ہے،ایاز میمن

پیر 20 ستمبر 2021 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) کراچی تاجر الانئس کے چیئر مین ایاز میمن موتی والا نے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کی تجویز کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجرا لائنس اس بے حسی اور ظلم کی تجویز کو مسترد کرتی ہے ، کے ایم سی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پہلے ہی شہر میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، کے ایم سی کو خومختار ادارہ بنانے کا بہانہ بنا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ کے الیکٹرک کے بل میں دو سوروپے کے ایم سی کے چارجز وصولی کی تجویز بے رحمی کی انتہا ہے، بنیادی سہولیات سے محروم عوام پر ایک اور ٹیکس نہایت ہی غلط فیصلہ ہے کے ایم سی اور کے الیکٹرک کا عوام کو لوٹنے کا مشترکہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کراچی کی عوام صاف پانی کے لیئے سڑکوں پر دربدر ہے ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور گلیوں سمیت کونسی ایسی چیز ہے جو عوام کو سہولت فراہم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کے الیکٹرک کے ماہانہ بل کے ذریعے کراچی کے شہریوں سے فائر ٹیکس اور کنزروینسی ٹیکس کی مد میں جو دو ٹیکسز وصول کرنے کی تجویزپیش کی ہے یہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے کے ایم سی کے تباہی کے ذمہ دار اس کے اپنے افسران ہیں جو اپنی ذمہ داریوں کو پور ا نہیں کرتے ، سندھ حکومت شہریوں کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کرنے کی تجویز پر کام کر رہی ہے اور نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آئے روز کراچی کے مسائل میں صرف اضافہ ہی ہوتا نظر آرہا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتوں کا کام ہوتا ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنا جبکہ کراچی کی عوام کومسلسل تکالیف ہی دی جارہی ہیں تاجر الائنس کراچی کی عوام کے مسائل کو حل کروانے کے لیئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں