تیل کی قیمت برقراررکھنے کا فیصلہ سیاسی، زمینی حقائق سے متصادم ہے،میاں زاہد حسین

ملک کوبچانے کے لئے تیل، گیس اور بجلی کی سبسڈی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے،چیئرمین نیشنل بزنس گروپ

پیر 16 مئی 2022 22:09

تیل کی قیمت برقراررکھنے کا فیصلہ سیاسی، زمینی حقائق سے متصادم ہے،میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک کوبچانے کے لئے تیل، گیس اوربجلی کی سبسڈی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ حکومت کا تیل کی قیمت برقراررکھنے کا فیصلہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں ایک سیاسی فیصلہ ہے جوزمینی معاشی حقائق سے متصادم ہے۔

ناگزیرفیصلوں میں تاخیر سے معیشت کو شدید نقصان ہورہا ہے۔ اگرتیل کی قیمت برقراررکھنی ہے تواٹھارہ مئی کوآئی ایم ایف سے مذاکرات کا نیا دور شروع کرکے وقت اورسرمایہ کیوں ضائع کیا جا رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے لئے ترقیاتی اورغیرترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور ناکام سرکاری اداروں کو پرائیویٹائز کرنا ضروری ہے جبکہ آمدنی میں اضافہ کے لئے ٹیکس اقدامات بشمول کئی ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ کرنا بھی ضروری ہوگا جس کے بغیرآئی ایم ایف مطمئن نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کمرشل بینکوں سے زیادہ عرصہ تک بھاری قرضے نہیں لے سکے گی اوراگرحالات سے پریشان کمرشل بینکوں نے مذید قرضے دینے سے انکارکردیا تواقتصادی تباہی یقینی ہوجائے گی۔ میاں زاہد حسین نے مذید کہا کہ تیل گیس اوربجلی کی سبسڈی کے خاتمہ سے مہنگائی بڑھے گی اوراگریہ اقدام نہیں اٹھایا گیا تو دوسری صورت میں معیشت دیوالیہ ہونے سے بھی مہنگائی آسمان سے باتیں کرے گی جبکہ ملک بدامنی اورخانہ جنگی کا شکار بھی ہوجائے گا۔

ان حالات میں غیر مقبول فیصلے کرنے کے لئے حکومت کو اپنا سیاسی مستقبل داؤ پر لگانا ہوگا اور یہ صرف اس صورت میں ممکن ہوگا کہ لا اینڈ آرڈر کنٹرول کرنے کے لئے کولیشن گورنمنٹ کو مقتدرحلقوں کی مکمل حمایت حاصل ہو۔ اگر مطلوبہ حمایت کی یقین دہانی میسر نہ ہوئی تو حکومت مشکل فیصلے کرنے کے بجائے نئے الیکشن میں جانے کو ترجیح دے گی اور مشکل فیصلے نگراں حکومت پر چھوڑ دیے جائیں گے جس سے ملک کی معیشت مذید معلق رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں