اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کاشت کاروں میں آگاہی بڑھانے کا پروگرام شروع کر دیا

بدھ 29 جون 2022 20:38

اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کاشت کاروں میں آگاہی بڑھانے کا پروگرام شروع کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) بینک دولت پاکستان نے ملک بھر میں اور خصوصا کم مالی خدمات والے علاقوں میں کاشت کار کمیونٹی میں آگاہی پیدا کرنے کی غرض سے زرعی قرضوں کی مصنوعات اور طریقوں سے متعلق قومی اور علاقائی زبانوں میں ویڈیوز کی ایک سیریز متعارف کرائی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان ویڈیوز کو اسٹیٹ بینک اور زرعی قرضے دینے والے تمام بینکوں کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں پر جاری کیا جائے گا۔

زرعی قرضوں کی مصنوعات اور خدمات کے متعلق کاشت کاروں میں آگاہی کی کمی بینکوں کو دیہی مارکیٹوں تک رسائی اور کاشت کار کمیونٹی کی باضابطہ مالی خدمات تک رسائی کو بڑھانے میں درپیش چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ لہذا، صلاحیت سازی اور آگاہی پیدا کرنے کو ملک میں زرعی قرضوں کو فروغ دینے اور ان کی ترقی کے لیے اسٹیٹ بینک کے مختلف اقدامات میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کاشت کاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی آگاہی اور صلاحیت سازی کے لیے مختلف پروگرام منعقد کر رہا ہے، تاہم، کاشت کار کمیونٹی میں ابھی تک نچلی سطح پر باضابطہ مالی خدمات سے فائدہ اٹھانے اور ان کا بہترین استعمال کرنے کے حوالے سے آگاہی کی کمی موجود ہے۔ آگاہی کے اس فقدان اور اسٹیٹ بینک کی مہمات کی وسعت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے امکانات سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ کی تیزی سے سرایت اور اسمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے کے نتیجے میں محدود رسائی والے روایتی آگاہی پروگراموں پر انحصار کے بجائے معلومات کی ترسیل کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کو استعمال کرنے کے مواقع بڑھتے ہیں۔اس ڈیجیٹل ذریعے کا استعمال نہ صرف بروقت اور کم لاگت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ سامعین تک پیغام پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے، بلکہ اس سے ایسے پیغامات کو سمجھنے اور اسے محفوظ رکھنے کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔

اس سلسلے کی پہلی ویڈیو میں ملک میں کاشت کاروں کے طرز فکر کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی قرضوں کے مجموعی منظرنامے ، اسٹیٹ بینک کے اقدامات اور حکومت پاکستان کی اسکیموں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ کم مالی خدمات کے حامل متنوع علاقوں میں قرضوں تک رسائی بڑھانے کی ضرورت کے پیش نظر اس ویڈیو کا اردوکے علاوہ تین علاقائی زبانوں میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے، جن میں سندھی، بلوچی اور پشتو شامل ہیں۔

سیریز کی اگلی دو ویڈیوز میں فصلی اور غیر فصلی شعبے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جن میں زرعی قرضوں کی مصنوعات کے بارے میں معلومات شامل ہیں اور دونوں طبقات کے لیے مطلوبہ طریقوں اور دستاویزات کے متعلق مفصل معلومات دی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ ان ویڈیوز سے کاشت کار برادری کو بینکوں سے قرض لینے میں ہچکچاہٹ پر قابو پانے میں مددملے گی۔ مزید برآں، اسٹیٹ بینک کے اقدامات اور وسیع تر رسائی کے حصول کے لیے زرعی قرض دینے والے بینکس بھی ان ویڈیوز کو اپنے سوشل اورڈجیٹل میڈیا کے ذرائع پر جاری کریں گے، جس سے بینکوں کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ وہ بھی زرعی کاروباروں کے متعلق اپنی پروڈکٹس اور قرضوں کے مواقع کے بارے میں ایسی ہی معلوماتی ویڈیوز تیار کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں