زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا

منگل کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ 206 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن مارکیٹ ریٹ بھی 207 روپے کی سطح پر آگئے

منگل 5 جولائی 2022 23:19

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2022ء) منگل کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا اور ہفتہ وار کاروبار کے دوسرے دن کے ابتدائی لمحات سے ہی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان تیز رفتار رہی۔تفصیلات کے مطابق منگل کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ 206 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن مارکیٹ ریٹ بھی 207 روپے کی سطح پر آگئے۔

وزیر خزانہ کی جانب سے گذشتہ روز ہی آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت موخر نہ ہونے کی وضاحت کی گئی تھی لیکن اس وضاحت کے فوری بعد ہی پنجاب کے وزیراعلی کی جانب سے الیکشن کے موقع پر ایک سو یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی کے حامل طبقے کے لیے مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ اعلان ایک بار پھر آئی ایم ایف قرض پروگرام میں ڈیڈ لاک پیدا کرنے کا باعث بن سکتا ہے اور آئی ایم ایف قرض پروگرام میں شمولیت موخر ہوسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ منگل کو ڈالر کی اڑان تیز رفتار رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 207 روپے سے بھی تجاوز کرگئے تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.38 روپے کے نمایاں اضافے کے ساتھ 206.94 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.50 روپے کے اضافے سے 207 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف حکام پہلے ہی سابقہ حکومت کی جانب سے وعدوں کے برخلاف پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سمیت دیگر اقدامات سے خائف تھے اور جبکہ پاکستان کی جانب سے تقریبا تمام تر سخت شرائط پوری کرلی گئی ہیں اور قرض پروگرام کی بحالی کی امید یوچلی تھی کہ وزیراعلی پنجاب نے 100 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اس اعلان سے خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ آئی ایم ایف حقیقی صورتحال واضح ہونے پر ہی پاکستان کے لیے قرض پروگرام بحال کرے گا اور قرض پروگرام میں تاخیر کی صورت میں روپیہ پر دبا بڑھتا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں