فیڈرل کاٹن کمیٹی نے مالی سال2015-16کیلئے پاکستان میں کپاس کا پیداواری ہدف 1 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار بیلزمختص کردیا

پیر 23 فروری 2015 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) فیڈرل کاٹن کمیٹی(ایف سی سی)نے مالی سال2015-16کیلیے پاکستان میں کپاس کا پیداواری ہدف 1 کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار بیلزمختص کیا ہے جو کہ سال 2014-15 کے مقابلے میں 3 لاکھ 78 ہزار 500 بیلز کم ہے جبکہ ایف سی سی نے کپاس کی کاشت کا ہدف 77 لاکھ 60 ہزار ایکڑ مختص کیا ہے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 33 ہزار ایکڑ سے کم ہیں تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں سال فروری، مارچ کے دوران درجہ حرارت پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہونے کے باعث پاکستان بھر میں کپاس کی کاشت پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔

اس ضمن میں چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ ایف سی سی کی جانب سے مختص ہونے والے پیداواری اہداف کے مطابق 2015-16 کے دوران پنجاب میں کپاس کی پیداوار 1 کروڑ 5 لاکھ بیلز، سندھ میں 44 لاکھ بیلز، بلوچستان میں 6 لاکھ بیلز جبکہ خیبرپختونخواہ میں 15 ہزار بیلز مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

احسان الحق نے بتایا کہ رواں سال بھارت میں پیدا ہونے والی کپاس کے معیار پر بھی اب سوالات اٹھنے لگے ہیں اور اطلاعات کے مطابق کاٹن کارپوریشن آف انڈیا (سی سی آئی)نے کسانوں سے خریدی جانے والی تقریبا 75 لاکھ بیلز کی ادائیگی بھی معیار سے مشروط کر دی ہے۔

سی سی آئی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق مذکورہ کپاس میں نمی کی شرح زیادہ سے زیادہ 8 فیصد جبکہ ریشے کی لمبائی 27.5 ایم ایم سے 30.5 ایم ایم ہونی چاہیے۔ اعلامیے کے مطابق کسانوں سے خریدی گئی پھٹی کا معیار مذکورہ معیار سے کم ہونے کی صورت میں کٹوتی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں