پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں لوگوں کا لہو شامل ہے ، خطرات سے نمٹنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ایس الطاف حسین

منگل 14 اگست 2018 18:49

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں لوگوں کا لہو شامل ہے ہمیں اس وقت جن اندرون اور بیرون خطرات کا سامنا ہے اس میں پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

ڈاکٹر الطاف حسین نے کہا کہ وہی ادارے اور ملک ترقی کرتے ہیں جہاں لو گ محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو ، اردو زبان کے فروغ کے لئے قائم ہوئی ہے ہمیں اردو کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہوگا اس کے لئے کوشش ہوگی کہ جامعہ میں جامعہ عثمانیہ کی طرز کا دارالتراجم، ادارہ تصنیف و تالیف اور جدید پرنٹنگ پریس قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اردو ملک کی قومی زبان بھی ہے اور دنیا بھر میں وہی اقوام ترقی کرتی ہیں جہاں قومی زبان میں تعلیم دی جاتی ہے۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے رجسٹرار افضال احمد اور دیگر اساتذہ کے ہمراہ پرچم کشائی کی جس کے بعد تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں طلباء و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کئے ۔ تقریب کے اختتام پر قاری بلال نے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا کی۔

تقریب سے رجسٹرار افضال احمد، صدر انجمن اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، جنرل سیکریٹری انجمن غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن سید ریحان علی، چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر محمد صارم اور ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے بھی خطاب کیا۔ رجسٹرار افضال احمد نے کہا کہ قوموں کی تعمیر تعلیم کے حصول سے ہی ممکن ہے،ہمیں ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے پرعزم ہوکر کام کرنے کا عہد کرنا چاہئے۔

جامعات ایسے ماہرین پید ا کرے جو ملک کے ہر شعبے کے لئے کارآمد ثابت ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ ہمیں آزادی بہت قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے ، ہمیں اس کی قدر کرنا چاہئے ۔ ریحان علی نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی تمام ترصلاحیتوں کو ملک اور ادارے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کردیںگے۔ پروگرام کی میزبانی پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے کی جبکہ پروگرام آرگنائزر افضال احمد اور آصف رفیق تھے۔

پروگرام میں ٹریژرار دانش احسان ، رئیس کلیہ بزنس ایڈمنسٹریشن و کامرس ڈاکٹر مسعود مشکور، انچارج کلیہ فارمیسی ڈاکٹر عارفہ اکرام، نجم العارفین ،جنرل سیکریٹری آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن عطا ء محمد گورمانی،صدر غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد عدنان اختر نے بھی شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں