نوجوان نسل ملک کی حفاظت کی خاطر کچھ بھی کرگزرنے کا عزم رکھتی ہے،ڈاکٹرایس الطاف حسین

جمعہ 17 اگست 2018 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے شعبہ حیوانیات میں یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے جامعہ کے تمام شعبہ جات میں پورے ہفتے تقاریب کا اہتمام اس بات کو ظاہر کررہا ہے کہ نوجوان نسل نہ صرف پرجوش اور حب الوطن ہے بلکہ ملک کی حفاظت کی خاطر کچھ بھی کرگزرنے کا عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی 52فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو مستقبل کے معمار ہیں اور روشن پاکستان کے لئے امید کا دیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء میں بہت مضبوط روابط ہونے چاہئیں تاکہ وہ تعلیم اور تحقیق کی ترقی کے لئے ایک دوسرے کے مددگار ثابت ہوں۔

(جاری ہے)

ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے طلباء کی ذہنی نشوونما ہوتی ہے جو ان کی تعلیم کے دوران بھی کارآمد ثابت ہوتی ہے۔

جامعات میں نہ صرف قومی دن پر بلکہ پورے سال ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیئے۔ پروگرام سے رجسٹرار افضال احمد، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، چئرمین شعبہ حیوانیات پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے بھی خطاب کیا۔رجسٹرار افضال احمد نے کہا کہ قائدا عظم نے جن اصولوں کی بنیاد پر پاکستان قائم کیا ہمیں ان پر عمل کرنا چاہئے، انہوں نے اپنے فرمان میں قوم کو ہمیشہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی تلقین کی جس پر عمل کرکے ہم ایک بہترین قوم بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کام اور انتھک محنت کواپنی زندگی کا شعار بنایا جس کی وجہ سے مسلمانوں کو ایک آزاد ملک میں رہنا نصیب ہوا۔ملک اور ادارے اسی وقت ترقی کرتے ہیں جب وہاں لوگ محنت اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نے طلباء کو تحقیق کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے لیبارٹریز کو جدید آلات اور کیمیکلز فراہم کرنے میں کبھی کوتاہی نہیں کی ہے اب یہ طلباء پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح تحقیق کے عمل میں دلچسپی لے کر اسے آگے بڑہاتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے پروگرامز کا انعقاد کرکے طلباء و طالبات کو اپنے اسلاف و اکابرین کے کارناموں سے آگاہ کریں اس کے علاوہ انہیں ہمارے بزرگوں کی بیش بہا قربانیوں کے بارے میں بھی معلوم ہوسکے جو انہوں نے قیام پاکستان سے قبل اور اس کے بعد بھی دیں تاکہ ہم ایک علیحدہ مملکت میں آزادی اورسکون سے بہترزندگی گزار سکیں ۔پروگرام میں طلباء و طالبا ت نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں جس کے ذریعے انہوں نے اکابرین کے کارناموں کو اجاگر کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں