کراچی، شجرکاری مہم بہت اچھا اقدام ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان

ہر سال شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوسناک امریہ ہے کہ نگہداشت اور دیکھ بھال نہ ہونے سے ہزاروں پودے جل جاتے ہیں، وائس چانسلر جامعہ کراچی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2018ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ شجرکاری مہم بہت اچھا اقدام ہے اور ہر سال شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوسناک امریہ ہے کہ نگہداشت اور دیکھ بھال نہ ہونے کیوجہ سے ہزاروں پودے جل جاتے ہیں۔معاشرے کے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان پودوں کی نگہداشت کے لئے اپنا اپنا کردار اداکریں تاکہ یہ مستقبل میں ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرے۔

شجرکاری فضائی آلودگی کے خاتمے،زمین کی خوبصورتی اور اقتصادی فوائد کے علاوہ باعث اجر وثواب ہے۔فضلات ،صنعتی کارخانوں اور موٹر گاڑیوں سے نکلنے والے فضلات اور دھوئیں جو ماحولیات اور فضاو ٴں کو بہت متاثر کرتے ہیں ، انسانی جسم و صحت کے حق میں غیر معمولی ضرر رساں ہوتے ہیں ،ان آلودگیوں سے ہمیں بچانے میں ان درختوں کا کرداربہت اہم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ علوم اسلامی کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا،شجرکاری مہم کا افتتاح ڈاکٹر محمد اجمل نے پودالگاکرکیا۔اس موقع پر رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری،چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹرمحمد عارف خان ساقی اور کلیہ معارف اسلامیہ کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ ایک صحت مند اور ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور شجرکاری مہم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔اس کا فائدہ نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے آنے والی نسلوں کوہوگا۔ صاف ستھرا اورآلودگی سے پاک ماحول صحت انسانی کے لئے وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمدقادری نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ملکی ماحولیاتی نظام کے لئے ضروری ہے بلکہ گلوبل وارمنگ کے اثرات زائل کرنے کے لئے بھی ناگزیر ہے۔

ملک بھر میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے درختوں کے بے دریغ کٹاو ںسے موسمیاتی و جغرافیائی تبدیلیاں نمو دار ہورہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت درختوں کے کٹاوں پر سخت پابندیاں عائد کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔تقریب کے اختتام پر چیئر مین شعبہ علوم اسلامی ڈاکٹرمحمد عارف خان ساقی نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ اداکیااور شجری کاری کو وقت کی اہم ضرورت قراردیااور کہا کہ مذکورہ مہم شعبہ ہذا کے طلبہ نے اپنے شعبہ اور جامعہ کی خوبصورتی کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت شروع کیا ہے جس میں گڑھے کھودنے اور مٹی وکھاد بھرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔#

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں